پاکستان، چین دوستی شہد سے میٹھی ہے : آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے فرائض کی شاندار ادائیگی پر ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، چینی قونصل خانے نے پنجاب پولیس کے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فرینڈشپ ایوارڈ سے نوازا ہے، تفصیلات کے مطابق لاہور میں چینی قونصلیٹ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں فرینڈشپ ایوارڈز دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چینی قونصل جنرل نے ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ طیب حفیظ چیمہ کو فرینڈشپ ایوارڈ سے نوازا۔ ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنا رہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ چینی قونصل جنرل نے چینی قونصلیٹ کے ساتھ بہترین تعاون یقینی بنانے والے اداروں اور افسران کو فرینڈ شپ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں چینی قونصل جنرل نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا ہے، چینی قونصلیٹ نے رواں سال بہترین کوارڈینیشن کے فروغ پر مختلف اداروں کو ایوارڈز دئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی، پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے، چینی سفارت خانے کی طرف سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فرینڈشپ شپ ایوارڈ سے نوازا جانا باعث اعزاز ہے، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ پہلے سے زیادہ محنت اور عزم و ولولے سے چینی باشندوں اور ماہرین کی سکیورٹی یقینی بنائے گی اور اس سلسلے میں فورس کو جدید وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔