یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو پیپرلیس بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کا 9واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے آٹھویں سینڈیکیٹ اجلاس کے تمام منٹس کی منظوری دی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے 7 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ حکومت پنجاب چلڈرن ہسپتال لاہور کی مزید بہتری لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو پیپرلیس بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ مریضوں کے علاج کو مزید بہتر بنانے کیلئے سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز اور الرافع فانڈیشن کے درمیان معاہدہ طے پا چکا ہے۔ معاہدے کے تحت چلڈرن ہسپتال کا سیٹلائٹ کلینک بنایا جائیگا جہاں چلڈرن ہسپتال کے کنسلٹنس بچوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کریں گے۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی اور او پی ڈی کی لفٹوں کی اپ گریڈیشن اور مرمت کی منظوری دی گئی ہے اور اس کے علاوہ نئے ڈیپارٹمنٹ کیلئے سامان کی منظوری بھی دی گئی ہے۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے چلڈرن ہسپتال لاہور میں ری ویمپنگ کیلئے ریوائزڈ تخمینہ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج و معالجہ کے حوالے سے دنیا کا دوسرا جبکہ ایشیا کا پہلا بڑا ہسپتال ہے۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔