انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز، کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع، مشیر وزیراعظم احد چیمہ فارغ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) عام انتخابات کیلئے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع کردیا اور ملک بھر کے آر او دفاترز میں پبلک نوٹس لگا دئیے گئے، خواتین و اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے غذات نامزدگی کا اجرا بھی شروع کردیا گیا، امیدوارکاغذات نامزدگی متعلقہ آر او، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس سے لے سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 100 روپے فیس ادا کرکے حاصل کئے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی20 تا 22 دسمبر متعلقہ آر او آفس میں جمع کرانا ہوں گے۔ سیاسی جماعتیں 22 دسمبرتک مخصوص نشستوں کے امیدواروں کی ترجیحی فہرست متعلقہ آر او آفس کو فراہم کریں۔

ای سی پی نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہوگی، اعتراضات 3 جنوری تک دائر کئے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظرثانی فہرست 11 جنوری کو جاری ہوگی، 13 جنوری کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے جبکہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کےلئے ہدایات نامہ جاری کردیا، رکن پارلیمنٹ بننے کےلئے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا لازم ہے، امیدوار کی اہلیت و نااہلیت کی تفصیلات آرٹیکلز 62 اور 63 میں درج ہیں، قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار 30 ہزار، صوبائی اسمبلی کے امیدوار 20 ہزار روپے فیس جمع کرائیں گے،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کےلئے تجویز، تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول لازمی منسلک کرنا ہو گی۔ تجویز ،تائید کنندہ کا مصدقہ ووٹر سرٹیفکیٹ بھی منسلک کرنا لازم ہے، امیدوار کےلئے کاغذات نامزدگی کے ہمراہ 3سال کا انکم ٹیکس ریٹرن، پاسپورٹ کی مصدقہ کاپی بھی منسلک کرنا ہو گی،امیدوار کی کاغذات جمع کراتے وقت عمر کی حد 25 سال سے کم نہیں ہوگی، صوبائی اسمبلی کی نشست کےلئے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا رہائشی، ووٹر ہونا لازمی ہے، 8 دسمبر 2023ءتک کی بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بھی لازمی دینا ہوگا۔

ہدایت نامے کے مطابق امیدوار کو کاغذات نامزدگی کےساتھ بیان حلفی جمع کرانا بھی لازمی ہے، امیدوار کواپنے اہل خانہ سمیت زیر کفالت افراد کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی، امیدوار کا مختص کردہ شخص نوٹری پبلک یا اوتھ کمشنر کے جاری کردہ لیٹر کے ذریعے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے، امیدوار کسی ایک حلقے میں ایک فیس پر زیادہ سے زیادہ 5 کاغذات نامزدگی جمع کراسکتا ہے، انتخابی اخراجات پر ہر امیدوار کسی بھی شیڈول بینک میں خصوصی اکاﺅنٹ کھولے، اکاﺅنٹ پہلے سے موجود ہے تو بینک اکاﺅنٹ کی تفصیل کاغذات نامزدگی میں درج کریں، کاغذات نامزدگی میں کوئی خانہ امیدوار سے متعلقہ نہ ہو تو این اے لکھ دیا جائے، امیدوار کا اپنی تازہ ترین تصویر کاغذات نامزدگی پر مخصوص جگہ پر چپکانا لازمی ہے، کاغذات نامزدگی کےساتھ بیان حلفی امیدوار اسٹامپ پیپر پر تصدیق کرا کر دیں گے۔ غیرمسلم نشستوں کے امیدوار کے تجویز و تائید کنندہ پاکستان کے کسی بھی حصے کے ووٹر ہو سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے باہر کاغذات نامزدگی کی وصولی کےلئے ڈیسک قائم کردیا گیا۔ قومی، صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کےلئے 11 صفحات پر مشتمل فارم دستیاب رہا، نامزدگی فارم میں امیدواروں کو اقرار نامہ ، بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا، بیان حلفی میں امیدوار کو اپنے آپ کو انتخابات کےلئے اہل ثابت کرنا ہوگا، نامزدگی فارم میں ختم نبوت پر غیر مشروط ایمان رکھنے، قائداعظم کے اعلان کی وفاداری کا کالم بھی شامل ہے، پاکستان کا صدق دل سے وفادار رہنے کا حلف بھی دینا ہوگا، ملکی سالمیت، خوداری اور دفاع کا حلف بھی شامل ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مشیر وزیراعظم احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنایا۔ درخواست درست ہے، احد چیمہ سابق حکومت کا حصہ رہے، انتخابات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کرتے ہوئے کہا احد چیمہ کو مشیرکے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت 21 دسمبر کو ہوگی۔