پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لیول پلینگ ملی تو اچھا خاصا سر پرائز دینگے‘ بلاول بھٹو

لاہور( سٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لیول پلینگ ملی تو اچھا خاصا سر پرائز دیں گے ، ملک کو چیلنجز کا سامنا ہے اگر پیپلز پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو سب کو ساتھ لےکر چلیں گے ، میں سمجھتا ہوں کسی جماعت کا پیپلز پارٹی سے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ مقابلہ مہنگائی بیروزگاری اور غربت سے ہے،وعدہ ہے ملکر محنت کریں گے اور مسائل کا حل نکالیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیپلز پارٹی کی دیرینہ کارکن زبیدہ شاہین کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اسلم گل ، عزیز الرحمن چن و دیگر بھی موجود تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا مہنگائی ،غربت ،بیروزگاری تاریخی سطح پر ہے ،شہر کےساتھ ملک کے عوام بھی مشکل و تکلیف میں ہےں، پیپلز پارٹی جب بھی حکومت میں آئی مہنگائی ،غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کیا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی صورت میں انقلابی پروگرام دیا ،نوجوانوں ،مزدوروں ،کسانوں کےلئے کارڈ بنانا چاہتا ہوں جس سے ریلیف پہنچا سکیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاپیپلز پارٹی کے دروازے ہر کسی کےلئے کھلے ہیں، ڈائیلاگ کےلئے دروازے کھلے رکھتے ہیں،پولرائزیشن ،نفرت اورتقسیم کی سیاست عروج پر ہے ،بخار کو توڑنا پڑے گا ،سب کو ساتھ ملا کر مسائل کا حل نکالنا پڑے گا، تاریخ میں اتنا بڑا معاشی بحران کبھی دیکھا ، نکلنے کےلئے نیا قدم اٹھانا پڑے گا ، روایتی سیاست کو چھوڑنا پڑے گا ۔