اقوام متحدہ جنرل اسمبلی،غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور، امریکہ کی مخالفت

نیویارک (بیورورپورٹ) امریکہ کی مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی گئی، قرارداد کے حق میں 153ووٹ پڑے جبکہ 10ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی، 23 ممالک نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا، قرارداد میں جنگ بندی کے علاوہ یرغمال افراد کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے،جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دینے والے ممالک میں امریکہ ، اسرائیل کے علاوہ چیک ریپبلک، آسٹریا، پیراگوئے، پاپوا نیوگینی، لائیبریا اور مائیکرونیشیا سمیت نورو جیسے ممالک شامل ہیں،حماس کی جانب سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی فوری سیز فائر کی قراردادکی منظوری کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور حماس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے وہ اسرائیل سے قرارداد پرعمل کرائے دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے غزہ میں فوری جنگ بندی ممکن بنائے،جنرل اسمبلی سے خطاب میں منیر اکرم نے کہا دنیا فلسطینیوں کے یکطرفہ قتل عام پر توجہ دے، انہوں نے واضح کیا اسرائیل کا ہدف صرف حماس کا خاتمہ نہیں ہے، اسرائیل کا ہدف فلسطینیوں اور فلسطین کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے، اسرائیل اب تک 25 ہزار ٹن بارود غزہ پر برسا چکا ہے،منیر اکرم نے کہا ہیروشیما اور ناگاساکی پر جو ایٹم بم گرائے گئے اتنا بارود غزہ پر برسایا جا چکا ہے، جنگ میں ذمے دار دونوں فریقوں کو ٹھہرایا جائے، اگر حماس کو مورد الزام ٹھہرایا گیا اور اسرائیل کو ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا تو اس سے اسرائیل کو جنگ جاری رکھنے کا جواز مل جائے گا کہ وہ فلسطینیوں پر موت مسلط کرنے کا عمل جاری رکھے۔