لاہور (مشرق نیوز) نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی موسیقی کو دوبارہ عروج پر لے جانے کے لئے از سر نو محنت کرنا ہو گی، اگر نئی فلموں پر سرمایہ کاری ہو گی تو اس سے موسیقی سمیت دیگر شعبے بھی ترقی کریں گے،پہلے ہر شہر میں نامور گلوکاروں کے کنسرٹس ہوتے تھے لیکن اب یہ سلسلہ ختم ہوتا جارہا ہے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری موسیقی کو آج بھی دنیا میں پسند کیا جاتا ہے لیکن آج اسے ماضی کی طرح کاعروج حاصل نہیں ،اس کےلئے ہمیں منصوبہ بندی کر کے از سر نو محنت کرنا ہو گی ۔ سائرہ نسیم نے کہا کہ ہمارے ہاں بڑی خوبصورت آواز کے حامل گائیک موجود ہیں جنہیں لوگ سننا چاہتے ہیں اور ایسے لوگ پاکستان کا اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسیقی کی ترقی کے لئے بلا تعطل فلمیں بنانا ہوں گی جس سے صرف موسیقی ہی نہیں بلکہ دیگر شعبے بھی ترقی پائیں گے ۔
پاکستانی موسیقی کو دوبارہ عروج پر لے جانے کےلئے از سر نو محنت کرنا ہو گی:سائرہ نسیم



















