لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل کے ازالے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو فوری ازالے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے متعلقہ سپروائزری افسران کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی درخواستوں کے ازالے میں دانستہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عام آدمی کو انصاف کی فوری فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ناقابل قبول ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام ڈی پی اوز 1787 کمپلینٹ سنٹر اور سنٹرل پولیس آفس سے بھجوائی گئی درخواستوں کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انو رنے لاہور کے علاقہ سندر ملتان روڈ پر بس پر فائرنگ سے طالبات کو زخمی کرنے والے ملزمان کی گرفتاری پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور عمران کشور اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بہترین تفتیش سے ملزمان کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوانا ہی جرائم کنٹرول کا اصل فارمولا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور عمران کشور اور انویسٹی گیشن ونگ کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی جانب سے شاہرات پر رہنے والے بے سہارا،یتیم اور بے گھر بچوں کے تحفظ و بہتر مستقبل کیلئے مختلف اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے سٹریٹ چلڈرن اور گھریلو تشدد جیسے سماجی مسائل سے دوچار خواتین کے تحفظ، دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کیلئے ایک اور احسن اقدام اٹھایا ہے۔ پنجاب پولیس اور نجی ادارے (ہولسٹک فوسٹر کئیر) کے درمیان ایم او یو سائن ہوا ہے۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور فلاحی ادارے کے ڈائریکٹر ابتسام الرحمان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کے لئے اقدامات جاری، 7 مزید ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر، میڈیکل اخراجات کیلئے 12 لاکھ روپے جاری کر دئیے گئے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پی ایچ پی کے لانگری مزمل عباس کو علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ روپے ، اے ایس آئی محمد میزان کو اہلیہ کے کیسوں کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے ،لاجسٹکس برانچ کے سینئر کلرک ندیم کو بیٹے کے عارضہ قلب کے علاج کیلئے 2 لاکھ روپے ، اے ایس آئی ہارون کو بلڈ کینسر کے علاج کےلئے ایک لاکھ 31 ہزار روپے ،ٹیلی ٹرانسپورٹ کے سب انسپکٹر ظہور احمد کو آنکھوں کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے ،فیصل آباد کے کانسٹیبل سخاوت علی کو میڈیکل اخراجات کی مد میں ایک لاکھ روپے ، سپیشل برانچ کے انسپکٹر ناصر پرویز کو ٹانگ کے آپریشن کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ صحت کے مسائل سے دوچار افسران و اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔
عام آدمی کو انصاف کی فوری فراہمی اوّلین ترجیح ہے: آئی جی پنجاب

















