بالی ووڈ کے معروف اداکار جونیئر محمود کا کینسر کے باعث انتقال

ممبئی (مشرق نیوز) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جونیئر محمود کینسر کے باعث 67سال کی عمر میں انتقال کرگئے، اداکار نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں 250سے زائد فلموں میں کام کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دو ہفتے قبل انکشاف ہوا تھا کہ اداکار جونیئر محمود اسٹیج 4کینسر سے لڑ رہے ہیں لیکن گزشتہ شب ان کی حالت مزید بگڑ گئی تھی جس کے بعد وہ 8دسمبر کی شب 2بجے ممبئی میں اپنے گھر میں ہی انتقال کرگئے۔اداکار کے اہل خانہ میں اہلیہ، دو بیٹے، بہو اور ایک پوتا ہے۔حال ہی میں معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار جانی لیور نے بھی جونیئر محمود سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انہوں نے اداکار جیتندر اور سچن پیلگونکر سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جونیئر محمود کی خواہش پر دونوں اداکاروں نے ان سے ملاقات کی تھی۔