ایڈمنسٹریٹر قصور کا ریٹائرڈ ملازمین و پنشنرز کو 3یوم میں ادائیگیاں کرنے کا اعلان

قصور(مہر حسن حسین)میونسپل کمیٹی قصو رکے ریٹائرڈ ملازمین و پنشنرز کو تین یوم میںادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ملازمین جنرل دفتر و پینشنرز نے اے ڈی سی آر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی قصور سے ملاقات کرکے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

میونسپل کمیٹی قصور کے ریٹائرڈ ملازمین و پینشنرز کو تقریباً دو ماہ سے تنخواہوں اورو پنشن کی ادائیگی نہیں ہوئی ہے جس کے باعث ریٹائرڈ ملازمین او رپینشنرز سخت مالی مشکلات کا شکار اور پریشان ہیں۔ ملازمین جنرل دفتر و پنشنرز کی کثیر تعداد نے اے ڈی سی آر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی قصور سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ایڈمنسٹریٹر نے ملازمین اور پینشنرز سے وعدہ کیا کہ ان کو دو تین یوم میں تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کر دی جائے گی اور مزید گرانٹ کیلئے چیف منسٹر پنجاب کو چٹھی ارسال کی جائے گی۔

ریٹائرڈ ملازمین و پینشنرز نے اے ڈی سی آر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی قصور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ د و ماہ سے ادائیگیاں نہ ہونے سے وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور مہنگائی کے اس دور میں ان کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو چکا ہے ۔اگر دو تین روز میں ہماری پنشن اور تنخواہوں کی ادائیگیاں ہو جاتی ہیں تو ہم آپ کے شکر گزار ہوں گے اور آئندہ کیلئے ایسا لائحہ عمل بنایا جائے کہ پنشن اور تنخواہوں کی مد میں کسی قسم کی پریشانی نہ پیدا ہو سکے ۔