آئی جی کے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ڈاکٹر عثمان انور نے 6 ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے 12 لاکھ سے زائد مزید فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ دستیاب فنڈز سے پولیس فورس اور غازیوں کے علاج معالجے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس فورس ایک فیملی کی مانند ہے جس کے ہر فرد کی ویلفیئر کا خیال رکھنا محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور سے چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر مدثر نواز کی قیادت میں ڈاکٹرز کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ سی پی او گوجرانوالہ ایاز سلیم نے آئی جی پنجاب اور ڈاکٹرز کے وفد کو مقتول ڈاکٹر ذیشان انور کے قتل کی تفتیش میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا،سی پی او گوجرانوالہ ایاز سلیم نے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں، جیو فینسنگ اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان تک جلد پہنچ جائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او گجرات کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور کیفرکردار تک پہنچانے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی پروموٹ ہونے والے لاہور پولیس کے افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب سجائی گئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس آئی پروموٹ ہونے والے 63 پولیس اہلکاروں کو نئے عہدے کے رینک لگائے۔ تقریب میں پروموٹ ہونے والے اے ایس آئیز کے بچوں، اہلخانہ اور عزیز و اقارب کی خصوصی طور پر شرکت کی، ترقی پانے والوں میں لاہور پولیس کے آپریشنز، انوسٹی گیشن، آرگنائزڈ کرائم یونٹ، ایلیٹ فورس، سکیورٹی ڈویڑن سمیت مختلف ونگز کے افسران کو پروموشن رینک لگائے گئے،آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے اے ایس آئیز اور انکے عزیز و اقارب کو مبارک باد دی، بچوں سے اظہار شفقت کیا،آئی جی پنجاب کی اے ایس آئی عہدے پر ترقی پانے والے اہلکاروں کو مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور عمران کشور، ایس ایس پی ایڈمن لاہور عاطف نذیر، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود تھے۔