امریکہ دنیا کا غریب ترین ملک بن جائیگا،مشہورکاروباری شخصیت کی پیش گوئی

واشنگٹن (مشرق نیوز) مشہور امریکی تاجر اور مصنف رابرٹ کیوسکی نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکا دنیا کا غریب ترین ملک بن جائے گا۔ انہوں نے پروگرام فنانس ود شرن میں انٹرویو کے دوران کہا کہ امریکا میں غرب کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ”Rich Dad Poor Dad“کے مصنف کیوسکی نے پوڈ کاسٹ انٹرویو اس وقت دیا جب وہ ستمبر میں انڈیا گروتھ سمٹ 2023 کیلئے انڈیا کے دورے پر تھے۔انہوں نے اس سفر کے دوران اپنے ممبئی آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ کچی آبادیوں میں جاتا ہوں، اسلئے اس بار میں ممبئی کی کچی آبادیوں میں آیا، میں لوگوں کو دیکھتا اور ان سے بات کرتا ہوں لیکن جس چیز نے زیادہ تر لوگوں کو چونکا دیا وہ یہ کہ امریکہ میں کبھی کچی آبادی نہیں رہی مگر اس طرح کی کچی آبادی آج پورے امریکہ میں ہرطرف دیکھی جا سکتی ہیں۔ایک گھنٹہ طویل انٹرویو میں کیوسکی نے اپنی تین پسندیدہ سرمایہ کاری کی اہمیت سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ انہوں نے عالمی مالیات کی بدلتی ہوئی حرکیات اور عالمی ریزرو کرنسی کے طور پر امریکی ڈالر کی حیثیت جیسے وسیع تر موضوعات کے بارے میں بھی بات کی۔