پشاور(بیورورپورٹ)پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دئیے لگ رہا ہے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن فیل ہوگئے ۔
پی ٹی آئی کو ورکرز کنونشن کی اجازت نہ ملنے پر توہین عدالت درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا ایڈوکیٹ جنرل صاحب !نگراں حکومت کا کیا کام ہوتا ہے، سہولت فراہم کرنا یا مشکلات پیدا کرنا،آپ سے کہا تھا بتائیں پابندی ہے یا نہیں، آپ نے کہا پابندی نہیں ،ایڈووکیٹ جنرل عامر جاوید نے جواب دیا اپنی بات پر قائم ہوں،پابندی نہیں ۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا گراونڈ پر تو نظر نہیں آرہا پابندی نہیں،لگ رہا ہے نگراں حکومت ،الیکشن کمیشن فیل ہوگئے ، انتظامیہ بھی کسی کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے کہا پشاور میں ورکرز کنونشن کےلئے درخواست دی تو دفعہ 144 لگا دی گئی، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا امن و امان کے سریس ایشوز تھے،4،5دن کےلئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا ،جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیاحالات خراب ہیں تو پھر الیکشن کو کیوں ملتوی نہیں کرتے، حالات خراب ہوں تو پھر الیکشن کیسے ہوگا، کیوں نہ چیف الیکشن کمشنر کو طلب کیا جائے؟ایساکرتے ہیں چیف الیکشن کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہیں، پوچھیں گے، شفاف الیکشن نہیں کراسکتے تو پھر چیف الیکشن کمشنر کس کام کےلئے ہیں۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا باقی سیاسی جماعتیں توجلسے کررہی ہیں، انتظامیہ کچھ نہیں کہتی نہ پولیس حرکت میں آتی ہے،جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا ایڈووکیٹ جنرل صاحب آپ کی ذمے داری ہے آئین ،قانون پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
نگراں حکومت ،الیکشن کمیشن فیل ، انتظامیہ بھی کسی کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے،پشاور ہائیکورٹ

















