اسرائیلی دہشتگردی نہ رکی،پناہ گزین کیمپوں،ہسپتال پرحملوں میں مزید درجنوں فلسطینی شہید

غزہ،نیویارک،تہران ،دوحہ،اردن(مشرق نیوز ،بیورورپورٹ)اسرائیلی دہشتگردی نہ رکی،پناہ گزین کیمپوں،ہسپتال پرحملوں میں مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے،دہشتگرد صہیونی ریاست نے الشفا ہسپتال سے مریضوں، طبی عملے اور پناہ کیلئے موجود خواتین، بچوں ، بزرگوں سمیت سینکڑوں فلسطینی شہریوں کو بندوق کی نوق پر نکال دیا۔

حکام کے مطابق ہسپتال کے باہر مناظر بہت ہی خوفناک ہیں، سڑک پر درجنوں لاشیں بکھری پڑی ہیں،ہسپتال سے نکل کر سڑک تک پہنچے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے لوگوں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔

سعودی عرب ،قطر نے اقوام متحدہ کے سکول پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی فوری بین الاقوامی تحقیقات کامطالبہ کردیا،سعودی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا فوری جنگ بندی کی جائے۔

قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا حماس ،اسرائیل کے مابین جنگ بندی کےلئے کوششیں کررہے ہیں،غزہ کے الشفا ہسپتال میں جو کچھ ہوا وہ جرم ہے،غزہ میں قید یرغمالیوں کی رہائی کےلئے کوششیں جاری ہیں، اسرائیل بین الاقوامی قوانین کا احترام نہیں کرتا، غزہ پر جاری حملے فوری طور پر بند کیے جائیں، غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر امداد پہنچانے کی ضرورت ہے۔

جرمن چانسلر اولاف شولز نے مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہامغربی کنارے میں نئی آبادکاریوں کے خواہاں نہیں، غزہ میں انسانی صورتحال میں فوری بہتری کی ضرورت ہے،اسرائیلیوں ،فلسطینیوں کےلئے دو ریاستی حل ہی بہترین آپشن ہے۔

اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ نے کہا بین الاقوامی برادری کو غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دینا چاہئے،سب کو ملکر غزہ میں جنگ کی وجہ سے پیدا ہونےوالے انسانی بحران کو روکنا چاہیے، عالمی طاقتیں اسرائیل کو شہریوں کے تحفظ کےلئے مجبور کریں۔

ادھر امریکی اخبار نے دعویٰ کیا اسرائیل،حماس غزہ میں 5 روز کےلئے جنگ بندی پر رضا مند ہو گئے ،واشنگٹن پوسٹ نے کہا فریقین نے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں لڑائی میں 5 دن کے وقفے پر اتفاق کیا ،24 گھنٹے میں 50 کے قریب یرغمالیوں کی رہائی کا امکان ہے ،فریقین کے درمیان طے پانےوالا معاہدہ 6 صفحات پر مشتمل ہے ،معاہدے میں کلیدی کردار قطر نے ادا کیا۔

ترجمان وائٹ ہاوس نے جنگ بندی معاہدے کی تردید کرتے ہوئے کہا امریکہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کےلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،اسرائیلی وزیراعظم نے بھی معاہدے کی تردید کردی،نیتن یاہو نے کہا یرغمالیوں کی رہائی کیلئے بہت ساری غلط اطلاعات ہیں۔

دریں اثنا ایران نے کہا ہے اسلامی ممالک اسرائیل کو توانائی و دیگر اشیا کی برآمدات بند کردیں،خامنہ ای نے کہااسلامی ریاستوں کوصیہونی حکومت سے سیاسی تعلقات ختم کرنے چاہئیں، فلسطینیوں کےخلاف اقوام عالم کو اپنا احتجاج جاری رکھنا چاہیے، غزہ میں صیہونی حکومت کی شکست یقینی ہے، صیہونی حکومت غزہ میں بمباری کرکے بھی حماس کو تباہ کرنے میں ناکام رہی ،ہسپتالوں،گھروں میں داخل ہوناکوئی کامیابی نہیں۔

دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملوں کےخلاف اور فلسطین کے حق میں دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی ،سپین سمیت کئی یورپی ممالک میں مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کامطالبہ کیا، واشنگٹن ڈی سی کے یونین سٹیشن پر غزہ غزہ کے نعرے لگائے گئے، شکاگو ٹریبیون آفس کے سامنے مظاہرین نے فلسطینی شہدا کے نام سے بھرے پوسٹرز کےساتھ احتجاج کیا،غزہ پر اسرائیلی جارحیت کےخلاف برطانیہ بھر میں 100 سے زائد مقامات پر مظاہرے کیے گئے،فضاوزیراعظم رشی سونک اور کیئر سٹارمر کےخلاف شیم آن یو کے نعروں سے گونج اٹھی،لبنان، بحرین ،یونان کے شہر ایتھنز ،دوحہ ،عمان،ایران میں بھی اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرین سڑکوں پر نکلے۔