تھانہ حملہ کیس میں بری،اللہ سے رحم مانگنا چاہیے،عطا تارڑ

وزیر آباد،گوجرانوالہ،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)ڈپٹی سیکرٹری جنرل ن لیگ عطا تارڑ علی پور چٹھہ تھانہ حملہ کیس میں بری ہوگئے،عطاءتارڑوزیر آباد کچہری میں فرسٹ کلاس مجسٹریٹ آصف کی عدالت میں پیش ہوئے،وکلا کی طرف سے دلائل کے بعد عدالت نے بریت کا فیصلہ سنایا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہامیرے خلاف مقدمہ فواد چودھری اور شیخ رشید نے بنوایا ،سوا 2سال پیشیاں بھگتیں ،عدالت کا ہر حکم تسلیم کیا،حق و سچ کی فتح ہوئی، عطاتارڑ نے کہامجھے قید کرانے والا فواد چوہدری آج کہاں ہے؟ اللہ سے رحم مانگنا چاہیے۔

دوسری جانب صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا نوجوان، بہادر و باہمت ساتھی عطا تارڑ کو تھانہ حملہ جیسے جھوٹے و مضحکہ خیز مقدمے میں بریت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، قانون کے آگے سر تسلیم خم کرنا ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے،امید کرتے ہیں ملکی سیاست میں نفرت ،ذاتی دشمنی کے بیج بونے کی روایت ختم ہوگی۔