لاہور ( ہیلتھ رپورٹر)ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے باعث مفلوج مریضوں کی بحالی کےلئے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں قائم کئے جانے والے پنجاب کے پہلے پیراپلیجک سینٹر نے کام کا آغاز کر دیا،20بیڈز پر مشتمل سینٹر کا افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کیا۔
چیف سیکرٹری نے مصنوعی اعضاءکی تیاری کیلئے ورکشاپ اور فزیو تھراپی روم سمیت سینٹرکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے علاج معالجے بارے دریافت کیا،چیف سیکرٹری نے کہا ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے باعث مفلوج افراد کی بحالی کیلئے صوبہ میں 5 سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں، لاہور میں پیراپلیجک سینٹر نے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جبکہ ملتان، فیصل آباد، تونسہ اور واہ کینٹ میں بھی پیر اپلیجک سینٹرز جلد فعال کر دیئے جائیں گے۔
محکمہ صحت کے حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایا پیراپلیجک سینٹر میں زیر علاج تمام مریضوں کا آن لائن ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے،ان مریضوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے انکی کونسلنگ بھی کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ مصنوعی اعضاءکی تیاری کیلئے پیرا پلیجک سینٹر میں ورکشاپ قائم کی گئی ہے، انہوں نے مزید کہا گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی او پی ڈی میں روزانہ تقریبا دو ہزار سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
مفلوج مریضوں کی بحالی کیلئے لاہور میں پنجاب کا پہلا پیراپلیجک سینٹر قائم



















