جسمانی ریمانڈ میں توسیع،ایک روپیہ نہیں کھایا، پتہ نہیں کہاں سے ریکوری ڈال دی: پرویزالٰہی
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کردی،لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کےخلاف پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعلیٰ کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور 12 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی،اینٹی کرپشن حکام نے عدالت کو بتایا پرویز الٰہی سے مزیدتفتیش درکار ہے لہٰذا عدالت ریمانڈ فراہم کرے،دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا ضمنی کے مطابق پرویز الٰہی کواینٹی کرپشن ٹیم لے کر ان کی رہائش گاہ گئی اور پرویز الٰہینے اپنے بیڈروم میں دراز سے 41 لاکھ روپے ریکورکرائے، ضمنی میں وقت کا ذکرنہیں اور نہ ہی تھانے سے روانگی کا ذکر کیا گیا ہے،پرویز الٰہی کے وکیل نے اپنے مو¿کل کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے ان کے ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کردی جبکہ سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا ہے ایک روپیہ نہیں کھایا، پتہ نہیں مجھ پر کہاں سے یہ ریکوری ڈال کر لے آئے ہیں،سابق وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا میں نے اپنی ساری زندگی اللہ کی رضا کےلئے کام کیا ہے، میں نے لوگوں کی خدمت کی ہے، وہ شہبازشریف والی خدمت نہیں، رات کو میرے پاس کوئی بندہ نہیں آیا، پتہ نہیں کہاں سے ریکوری ڈال کر لے آئے،انہوں نے کہا میں رات بھر اینٹی کرپشن میں سویا رہا ہوں، مجھے تو ادھر آکر پتہ چلا ریکوری ڈال لائے ہیں، یہ اپنی نوکریاں پکی کرنے کے چکر میں ہیں، سب سے زیادہ نوکریاں بھی میں نے دی ہیں۔

















