اسرائیلی سفا کیت کی انتہا،تباہ کن بمباری،شہداء7ہزار سے متجاوز

غزہ،ماسکو،جنیوا(مشرق نیوز) اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 3 روز سے جاری بمباری میں گھر کو نشانہ بناگیا جس میں 30 افراد لقمہ اجل بن گئے، اس طرح غزہ اور مغربی کنارے میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے خان یونس میں گھر کو نشانہ بنایا، وحشیانہ بمباری میں گھر مکمل طور پر مسمار ہوگیا اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے،اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا عمارت حماس کے زیر استعمال تھی، عمارت کے ملبے تلے سے اب تک 30 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت میں 2700 سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہسپتالوں میں ہیں جن میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک ہے،دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث غزہ میں فیول کی قلت کا سامنا ہے اور اب صرف ہسپتال میں ایمرجنسی کے استعمال کےلئے بچا ہے، حماس نے مذاکرات کاروں پر واضح کردیا ہے کہ پہلے اسرائیل غزہ پر بمباری بند کرے اور جنگ بندی پر راضی ہو اس کے بعد یرغمالیوں کو رہا کریں گے،روسی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کےلئے امن مذاکرات قطر کی ثالثی میں جاری ہیں دوسری جانب اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے اجلاس میں کہاہے اسرائیل کی مسلسل بمباری سے غزہ کے ہسپتال قبرستان بن چکے ہیں اور اب تک 3 ہزار بچوں اور 1700 خواتین کو شہید کیا جا چکا ہے، یہ نسل کشی نہیں تو اور کیا ہے،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ہونے والے اجلاس میں فلسطینی مندوب ریاض منصور غزہ میں اسرائیلی بمباری سے بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں کا زکر کرتے ہوئے رو پڑے،فلسطینی مندوب نے نم آنکھوں اور بھری ہوئی آواز میں التجا کی کہ خدا کےلئے ہمارے بچوں کو بچالیں، اقوام متحدہ میں اسرائیل کے نمائندے گیلاد اردان نے اپنی تقریر میں کہا کہ حماس کا خاتمہ بے حد ضروری ہے کیوں کہ حماس کو فلسطینی عوام کی کوئی پروا نہیں،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے تاحال اسرائیل نے غزہ پر بمباری جاری رکھی ہوئی ہے جس میں 7 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ 1400 اسرائیلی مارے گئے،اسرائیل حماس جھڑپوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بھی تین اجلاس ہوچکے ہیں لیکن تینوں ہی کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے۔ امریکا کی اسرائیل کی حمایت کی قرارداد کو اکثریت کی حمایت ملنے کے بعد روس اور چین نے ویٹو کرکے مسترد کردیا۔