اسلام آباد(بیورورپورٹ) آڈیو لیک سکینڈل پر جوابدہی کےلئے سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نومبر تک تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی، سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے زیر صدارت ہوا جس میں آڈیو لیک سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف شکایات کا معاملہ زیر بحث لایا گیا،پاکستان بار کونسل کے ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ بار، پاکستان بار اور دیگر وکلا تنظیموں کی شکایت پر جسٹس مظاہر نقوی سے جواب طلبی کےلئے شوکاز نوٹس جاری کردیا اور انہیں 10 نومبر تک تحریری طور پر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،وکلا تنظیموں نے آڈیو لیک سکینڈل میں ملوث ہونے پر جسٹس مظاہر کےخلاف کارروائی اور مستعفی کیے جانے کا مطالبہ کیا تھا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے اٹارنی جنرل کونسل کے آئندہ اجلاس میں بطور پراسیکیوٹر پیش ہوں گے، جسٹس مظاہر نقوی کو کونسل کی کارروائی کھلی عدالت میں چیلنج کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، بطور جج مستعفی ہونے پر جسٹس مظاہر نقوی پنشن اور دیگر مراعات کے حقدار ہوں گے،واضح رہے جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف جوڈیشل کونسل میں 10شکایات بھیجی گئی تھیں، شکایات پر قانونی رائے دینے کیلئے معاملہ جسٹس سردار طارق مسعود کے سپرد کیا گیا تھا،جسٹس سردار طارق مسعود نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف شکایات کی مکمل جانچ پڑتال کی اور اپنی قانونی رائے چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل کو ارسال کردی، رائے ملنے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا،قبل ازیں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار،عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الااحسن اور جسٹس عائشہ ملک کے خلاف شکایات پر بھی جسٹس سردار مسعود قانونی رائے دے چکے ہیں۔
آڈیو لیک سکینڈل : جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز،10نومبر تک تحریری جواب طلب

















