فضل الرحمن سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات ،سیاسی اتحاد بنانے پر غور شروع

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے جے یو آئی اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی، جس میں پی ڈی ایم طرز پر نیا سیاسی اتحاد بنانے پر غور کیا گیا،تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ آمد ہوئی، وفد میں اسد قیصر،علی خان اور بیرسٹر سیف شامل تھے،بعد ازاں میڈیاسے گفتگو میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی اور پارٹی کی مرضی شامل تھی مگر یہ کوئی سیاسی بیٹھک تھی اور نہ ہی سیاست پر کوئی بات ہوئی،انہوں نے کہا خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے جتنے بھی سیاستدان ہیں وہ آپس میں غمی کے موقع پر ملاقات کرتے اور ایک دوسرے سے تعزیت کرتے ہیں، ہم اپنی ثقافت کے تحت ایک دوسرے سے غم بانٹتے ہیں اور آج کی ملاقات کا مقصد مولانا فضل الرحمن کی خوش دامن کے انتقال پر تعزیت کرنا تھا،آئندہ ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے اسد قیصر نے کہا کہ اس بارے میں وقت ہی بتائے گا،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد اور مولانا فضل الرحمن کے دوران ہونے والی ملاقات میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ پی ڈی ایم کی طرز پر نئے سیاسی اتحاد کی تجویز پر غور کیا گیا،انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کےلئے مساوی مواقع کےلئے سیاسی جدوجہد پر اتفاق کیا گیا، مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی وفد سے یقین دہانی مانگ لی،ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا سیاسی اتحاد کےلئے مکمل مینڈیٹ لے کر آئیں، اندرونی ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں تحریک انصاف کے وفد نے نئے سیاسی اتحاد پر چیئرمین پی ٹی آئی سے مشاورت کےلئے وقت مانگ لیا جبکہ نئے سیاسی اتحاد میں پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔