سکولوں میں واٹر ٹینکوں کی صفائی، طلبہ، ملازمین، سائلین کو صاف پانی دستیاب ہوگا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر ڈویژن بھر کے تمام سرکاری سکولوں اور کالجوں، مراکز صحت اور دفاتر کی پانی کی ٹینکیوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور 5159ٹینکیوں میں سے4067کی صفائی مکمل ہو چکی ہے جس سے ہزاروں طلبہ و طالبات، سرکاری ملازمین اور سائلین کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگا۔ یہ بات ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ نے کمشنر آفس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتائی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان و دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ سالہاسال سے ان واٹر ٹینکس کی صفائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے انتہائی آلودہ پانی سپلائی ہورہا تھا جو پیٹ کی خطرناک بیماریوں کا باعث تھا۔ ڈاکٹر سیف اللہ نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال میں کل1521واٹر ٹینکس میں سے1438اور ضلع پاکپتن میں 907میں سے898کی صفائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ ضلع اوکاڑہ میں تمام2731واٹر ٹینکس کی صفائی کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس میں اضلاع کے دوردراز علاقوں کے سکول اور سرکاری عمارات بھی شامل ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اس اہم کام کو مکمل کرنے پر ڈاکٹر سیف اللہ کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ سالہاسال تک واٹر ٹینکس کی صفائی نہ کرانے پر متعلقہ سکولوں، کالجوں اور دفاتر کے ھیڈ ماسٹرز، پرنسپلز اور آفیسر انچارج کو اظہار ناراضگی کے نوٹس جاری کئے جائیں اور انہیں کمشنر آفس طلب کر کے انہیں صاف پانی کی فراہمی کی اہمیت بارے آگاہ کیا جائے۔ دریں اثناءمحکمہ ہائی وے ساہیوال نے نارتھ زون لاہور کے چیف انجینئر سید نفاست رضا زیدی کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع سے محکمہ ہائی وے کے افسران اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدتھے جبکہ سپرٹینڈنگ انجینئر ہائی وے ساہیوال ارشد ندیم، ایکسین ہائی وے ساہیوال میاں افتخار احمد، ایکسین ہائی وے اوکاڑہ محمد جواد اصغر اور ایکسین ہائی وے پاک پتن شہزاد ہاشم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان اور سٹی مینجر پسپ محمد اسجدخان بھی تقریب میں موجود تھے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر سید نفاست رضا زیدی کے ساتھ اپنی طویل رفاقت کا ذکر کیا اور انہیں اپنے کام سے مخلص اور دیانتدار آفیسر قرار دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مہمان خصوصی چیف انجینئر ہائی وے نارتھ زون سید نفاست رضا زیدی نے شاندار تقریب کے انعقاد پر ایس ای ہائی وے ارشد ندیم اور تمام افسران و اہلکاران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے پوری سروس محکمے کی بہتری اور سرکاری وسائل کے درست استعمال کیلئے جدوجہد کی جس میں ان کی ٹیم نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے سروس کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور مسائل کا بھی ذکر کیا۔ تقریب کے اختتام پر انہیں تحائف بھی پیش کئے گئے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے دوران فول پروف حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ گزشتہ روز سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران مٹی گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور سٹی منیجر اسجد خان کو ہدایت کی کہ جاری تمام ترقیاتی کاموں پر حفاظتی کام کا خود معائنہ کریں اور جہاں ضرورت ہو وہاں اسے بہتر بنائیں۔