غزہ،عمان،واشنگٹن ،نیویارک،سان فرانسسکو (مشرق نیوز،بیورورپورٹ ) غزہ لہو لہو ہے، صیہونی فورسز کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ اور گردونواح میں 324 حملوں میں 704 معصوم فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا جس کے بعد شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار800 ہوگئی ہے،غزہ میں صورتحال دن بدن ابتر ہونے لگی، صیہونی فورسز غزہ کا نام و نشان مٹانے کے درپے ہیں، اسرائیلی فوج نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم ڈھانے میں مصروف ہیں، صیہونی جارحیت کا نشانہ بننے والوں میں 2300 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 18ہزارتک پہنچ گئی ہے،اسرائیلی فضائیہ کی جانب سےغزہ کے الشاتی کیمپ پر رات گئے بمباری کی گئی جس میں 182 بچوں اور درجنوں خواتین سمیت 436 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں،غزہ میں قیامت خیز مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں، خوراک ، پانی سمیت بنیادی اشیاءکی قلت ہے، غزہ کے 35 میں سے 12 ہسپتالوں نے کام بند کردیا ہے، 72 میں سے 46 طبی مراکز غیر فعال ہوچکے ہیں، مسلسل حملوں میں ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے 65 ارکان شہید ہوئے ہیں،صیہونی فورسز نے خان یونس میں فضائی حملے میں 3 خاندانوں کے 23 افراد شہید کر دیے جبکہ الفلوجہ میں بھی حملے میں 17 افراد شہید ہوگئے،عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ٹی وی کا کہنا ہے بدھ کو مغربی کنارے میں جنین کیمپ کے قریب اسرائیلی بمباری میں 4 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوگئے،صیہونی فورسز کی کارروائیوں سے غزہ میں 1 لاکھ 60ہزار سے زائد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے 205 سکول اور 29 ہسپتال بھی تباہ کردیے ہیں،اب تک غزہ کا 42 فیصد سے زائد حصہ تباہی کا شکار ہوچکا ہے اور 65 فیصد پرائمری ہیلتھ کئیر کلینکس بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،غزہ کے ہسپتالوں میں 120 نومولود بچے انکیوبیٹر پر ہیں جن کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ، اسرائیل کے پڑوسی ملک شام کے فوجی ٹھکانوں پر فضائی حملے میں 8 شامی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے،اقوامِ متحدہ کے مطابق ایندھن کی کمی سے بجلی بند ہوئی تو بچوں کا زندہ رہنا مشکل ہو گا،دوسری جانب اقوام متحدہ، امریکہ اور کینیڈا نے گزشتہ روز اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ محصور پٹی میں خوراک، پانی، ادویات اور بجلی کی کمی سے متاثرہ شہریوں تک امداد کی محفوظ ترسیل کی اجازت دی جا سکے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، جنگ کے بھی قانون ہوتے ہیں، ہسپتالوں، سکولوں پر بمباری اور شہریوں کو قتل کرنا انسانیت نہیں، دونوں فریقوں کو مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنا چاہیے، تنازع کا فوری حل بہت ضروری ہے،انہوں نے کہا نازک گھڑی میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹ جائیں اس سے پہلے کہ انتشار مزید قیمتی جانیں لے لے اور مزید پھیل جائے،فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اقوام متحدہ اجلاس میں کہا سلامتی کونسل اور عالمی برادری کا فرض اور ذمہ داری ہے کہ وہ قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچائیں، اس میں سکیورٹی کونسل کی مسلسل ناکامی ناقابل معافی ہے،عرب وزرائے خارجہ نے بھی اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے فوری مطالبے کا اعادہ کیا ، اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل کے وزارتی سیشن کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا ہے دوسری طرف اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے قابض فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی کارروائیاں وسیع اور زیادہ خطرناک تنازع کی صورت اختیار کر سکتی ہیں،اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، پاکستان فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے،صورتحال کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جو اس تنازع کو بڑھاوا دے رہے ہیں،اردن کی ملکہ رانیہ نے کہا ہے اردن سمیت پورے مشرق وسطیٰ کے لوگ، غزہ کی تباہی پر دنیا کے دوہرے معیارات پرحیران اور مایوس ہیں،ملکہ رانیہ نے امریکی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا غزہ پر اسرائیل کے مہلک فضائی حملوں پر مغربی دنیا کے’ ’دوہرے معیار“ پر لوگ مایوسی کا شکار ہیں، عرب دنیا کی نظروں میں مغرب ”شریک جرم“ ہے،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے حماس دہشت گرد تنظیم نہیں بلکہ ایک حریت پسند گروپ ہے جو اپنی سر زمین کے تحفظ کےلئے جنگ لڑ رہا ہے،پارلیمنٹ میں اپنی پارٹی کے منتخب اراکین سے خطاب میں اردوان نے کہا اسرائیل نے ترکیہ کے اچھے ارادوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے اور اسی وجہ سے وہ اب اسرائیل کا دورہ نہیں کریں گے،انہوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ غزہ پر بمباری روکنے کےلئے اسرائیل پر دباو¿ ڈالیں،ارب پتی بزنس مین ایلون مسک نے موجودہ حالات کے تناظر میں تیسری عالمی جنگ کا خدشہ ظاہر کردیا،ٹیکنالوجی کے شعبے کے کامیاب ترین شخص ایلون مسک نے ایک انٹرویو میں کہا غزہ میں اسرائیل اور حماس تنازع اور یوکرین اور روس میں جاری جنگ سے تیسری عالمی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے،انہوں نے کہا تیسری عالمی جنگ ایک تہذیبی خطرہ ہے جس کے اثرات سے ہم شاید نکل نہ پائیں، تیسری عالمی جنگ سے بچنے کو ترجیح دینا ضروری ہے اور جنگ سے بچنے کی سوچ اہمیت رکھتی ہے،غزہ کے العودہ ہسپتال کے ڈاکٹرز کی مشکل حالات میں حوصلہ بلند رکھنے کے لیے گیت گانے کی ویڈیو سامنے آگئی،ڈاکٹرز کا کہنا ہے وہ درد ختم ہونے تک یہاں رہیں گے ، زخمیوں سے بھرے غزہ کے ہسپتالوں کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی حمایت کرنے پر عرب اسرائیلی اداکارہ مائیسہ عبدل ہادی کو گرفتار کرلیا گیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب اسرائیلی اداکارہ مائیسہ عبدل ہادی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر اچانک حملے کی حمایت کی تھی،مائیسہ عبدل ہادی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد اسرائیلی پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ہے، اسرائیلی پولیس نے مائیسہ کا نام لیے بغیر اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے ایک اداکارہ کو گرفتار کرلیا ہے جنہوں نے حماس کی حمایت کی۔
غزہ، شہادتیں 6 ہزار سے متجاوز ،اسرائیلی دہشت گردی سے خطرناک تنازع جنم لے سکتا ہے:پاکستان

















