لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں پنجاب ارلی چائلڈہڈ ڈویلپمنٹ کی تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ماں کے پیٹ میں ایک بچے کی صحت بہت اہم ہوتی ہے۔بچے کی صحت کیلئے زندگی کے پہلے پانچ سال سنہری ہوتے ہیں۔حکومت پنجاب ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان میں موروثی بیماریوں کی شرح بہت زیادہ ہے۔ دس سے بارہ سال کی عمر میں بیماری کی تشخیص سے بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ ایک بچے کی بہتر نشوونما کیلئے بریسٹ فیڈنگ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان میں بریسٹ فیڈنگ کی شرح میں اضافہ ہونا چاہئے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ ہم پنجاب میں سکول سکریننگ پر کام کر رہے ہیں۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو نیونیٹل سکریننگ کی بھی ہدایت کرتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج کے حوالے سے سب سے بڑی علاج گاہ ہے۔ بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے ماں کو آگاہی دینی ہوگی۔ دریں اثناء کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہڈیوں کے بھربھرے پن پر آگاہی سیمینار کا انعقادکیاگیا۔سیمینار کے مہمان خصوصی نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم تھے۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت شرکا سے اپنے خطاب میں کہاکہ ہڈیوں کی مضبوطی کے حوالے سے آگاہی بہت اہم ہے۔صحت مند زندگی کیلئے کیلشیئم کی بنیادی اہمیت ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں سب سے پہلی ریسرچ ہم نے بون ہیلتھ پر کی تھی۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ہڈیوں کے بھبرے پن پر ریسرچ اور سٹڈی کی جائے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ عوام کو مختلف خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے جدید ریسرچ اشد ضروری ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ قابل قدر استاد پروفیسر مجید چوہدری میرے استادوں میں سے ہیں۔ مجھے اپنے شاگرد محمود ایاز پر ہمیشہ فخر ہوتا ہے۔ میری اپنی مادرعلمی کے ساتھ بہت خوبصورت یادیں وابستہ ہیں۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہڈیوں کا صحت مند ہونا خوشگوار زندگی کے لئے بے حد ضروری ہے۔ ڈیری پراڈکٹ کا مناسب استعمال ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔ موٹاپے کو کم کر کے خطرناک بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ بروقت سکرینگ، تشخیص اور علاج سے کسی بھی بیماری کو روکا جا سکتا ہے۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پروائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز و دیگر فیکلٹی ممبران کو یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے آگاہی سیمینار کے شرکائ سے اپنے خطاب میں کہاکہ ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کے لئے اچھی خوراک اور ورزش بہت ضروری ہیں۔ چیز اور پنیر کا استعمال ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تدریسی اور تربیتی سرگرمیاں تسلسل سے جاری ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر مجید چوہدری نے آگاہی سیمینار کے شرکائ سے اپنے خطاب میں کہاکہ پروفیسر محمود ایاز ایک بہترین استاد ہیں وہ اپنے اصل مقصد کو پورا کر رہے ہیں۔ پروفیسر محمود ایاز کی سربراہی میں یونیورسٹی علم کی جدید منازل طے کر رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مجید چوہدری نے کہاکہ 28 سال اسی طبی درسگاہ میں گزارے ہیں جس پر مجھے فخر ہے۔
بچے کی صحت کیلئے زندگی کے پہلے پانچ سال سنہری ہوتے ہیں :ڈاکٹر جاوید اکرم



















