نہتے فلسطینیوں کا جرم آزادی اور اپنا حق مانگنا ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی

لاہور (اپنے نمائندے سے) چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کا جرم آزادی اور اپنا حق مانگنا ہے، کل آگ ہر طرف پھیل سکتی ہے۔ لاہور میں یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بائیڈن سے لےکر اسلامی دنیا تک شکر ادا کر رہی ہے کہ 20 ٹرک غزہ کیلئے اسرائیل نے جانے دئیے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ بے بسی صرف فلسطین اور کشمیر کیلئے کیوں ہے، اس سوال کا جواب خود ہمیں اپنے اندر تلاش کرنا ہو گا، ہمیں اپنے داخلی استحکام کو بھی برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین تقاضا کرتے ہیں کہ امت ایک ہو جائے، او آئی سی اعلامیہ کی روشنی میں امت مسلمہ کو عملی قدم اٹھانا ہو گا، اسلامی ممالک میں ایک بار پھر انتشار شروع ہو جائیگا۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطین کے مسئلے پر مسلم دنیا دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے، ہماری کمزوریوں کا دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے، فلسطینی اور کشمیری امت کے ایک ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، فلسطین کو ایک خود مختار ریاست دینا ہو گی۔ پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ان حالات کا اصل ہدف اسلامی دنیا کا امن تباہ کرنا ہے، علماءاور مشائخ امت کو ایک کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پہلے دن سے پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور ایران کا موقف واضح ہے، ریاست پاکستان کی پالیسی فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر وہی ہے جو قائداعظم نے طے کی تھی۔ طاہر اشرفی نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ قوم اور فوج مضبوط نہ ہوتی تو جو غزہ میں ہو رہا ہے وہ یہاں ہوتا، 7 اکتوبر کا واقعہ اسرائیلی مظالم کے ردعمل کا نتیجہ ہے، پاکستان کی فلسطین پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔