راولپنڈی (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کے اتحادی شیخ رشید نے بھی ساتھ چھوڑ دیااور عمران خان کو ضدی انسان قراردےدیا۔
کئی روز سے غائب سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وزیر د اخلہ شیخ رشید منظر عام پر آگئے اور نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاعمران خان ضدی انسان ہیں، جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا غلطی تھی،میں 40 دن کیلئے چلے پر گیا تھا، خبریں تو لگتی رہتی ہیں، اللہ نے زندگی میں 40 دن لگانے کا موقع دیا، چلے کے دوران کسی نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا، سب لوگوں نے میرے ساتھ تعاون کیا اور 40 دن خوش اسلوبی سے گزر گئے۔
شیخ رشید نے کہامیری ایک سیٹ کی پارٹی ہے، پہلے دن سے اپنی فوج کےساتھ ہوں، پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو ہمیشہ کہا فوج سے بنا کر رکھنی چاہیے، مجھے خود کو پاک فوج کا ترجمان کہنے پر فخر ہے۔
سابق وزیر د اخلہ نے کہا3 آدمی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے فوج سے مذاکرات کر رہے تھے، تینوں آدمیوں نے اپنی جماعت بنا لی ، میری بھی کوشش تھی حصہ ڈالوں، مجھ سے ایم کیو ایم نے بات کی تو اندازہ ہوگیا تھا ہمارا کام ختم ہو گیا،9 مئی واقعات کے وقت ملک سے باہر تھا، 9 مئی واقعات کی 10 مئی کو مذمت کی، میری مذمت کو زیادہ سنا نہیں گیا، سیاستدان کو کسی فوجی کا نام نہیں لینا چاہیے، 9 مئی واقعات میں غیر سیاسی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا، اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی بنتی ہی نہیں تھی، ملک اداروں کے بغیر نہیں چل سکتا۔
شیخ رشید نے کہامیرے خلاف سوائے ٹوئٹس کے کچھ بھی نہیں نکلا، 9 مئی واقعات کی پر زور مذمت کرنی چاہیے،سیاستدان ،اداروں کو ملکر چلنا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 2 بار فوج کےساتھ مذاکرات سے منع کیا، فوج کا مسئلہ فوج کو حل کرنا چاہیے سیاستدانوں کو دور رہنا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی کے دوستوں کا خیال تھا اندر ہمارے لوگ موجود ہیں، وہ سمجھتے تھے اندر موجود لوگ مدد کریں گے۔
خود کو فوج کا ترجمان کہنے پر فخر،عمران ضدی ،عاصم منیر کو چھیڑنا غلطی تھی، شیخ رشید
















