زرعی منڈیوں کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے ”مارکیٹ کمیٹیز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم “کی لانچنگ

لاہور (کامرس رپورٹر) زرعی منڈیوں کے نظام کو جدت لانے کیلئے مارکیٹ کمیٹیز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا اجراءایک انقلابی قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت، صنعت و توانائی ایس ایم تنویر نے محکمہ زراعت اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے باہمی تعاون سے زرعی منڈیوں کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے تیار کردہ ”مارکیٹ کمیٹیز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم“کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی مارکیٹنگ کے نظام کو جدت کی طرف لانے کیلئے مارکیٹ کمیٹیز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا اجراءانقلابی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں زرعی منڈیوں کے ذریعے 2.9ارب روپے کی سالانہ آمدن ہوتی ہے ا س نئے نظام سے ٹیکس کی وصولی میں شفافیت آئے گی اور بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید نظام سے زرعی منڈیوں کے ریکارڈ میں بھی شفافیت آئے گی۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے، آج ڈیجٹیلائزیشن کا دور ہے۔ہم اگر ڈیجٹیلائزیشن کی طرف نہ بڑھے تو بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے زرعی مارکیٹنگ کے نظام میں انقلاب برپا ہو گا۔نئے نظام کو نتیجہ خیز اور کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے محنت اور لگن سے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ زرعی منڈیوں کی ڈیجیٹائزیشن کو پائلٹ فیز میں پانچ زرعی منڈیوں پر لاگو کیا گیا ہے اوراس نظام کو صوبہ پنجاب میں بتدریج مارکیٹوں پر لاگو کیا جائے گا۔ سپیشل سیکرٹری زراعت مارکیٹینگ کلثوم حئی نے بتایا کہ اس نظام کو ابتدائی طور پر کاہنہ، قصور، ننکانہ صاحب، رینالہ خورد اور شیخوپورہ کی منڈیوں پر لاگو کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے منڈیوں میں مال کی آمد، فیس کی وصولی اور تاجروں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹائزڈ کیا گیا ہے۔جائنٹ ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی عثمان نصیر نے زرعی منڈیوں کے نئے نظام بارے بریفنگ دی۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری زراعت نادر چٹھہ، سپیشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ کلثوم حئی، ڈی جی پامرا طارق محمود، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی۔