ضمانت بنیادی حق ،ن لیگ،عدالتی تاریخ کا منفرد فیصلہ،پیپلز پارٹی

لاہور(اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاہے ضمانت نواز شریف کا بنیادی حق ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

حفاظتی ضمانت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا منتخب وزیراعظم نواز شریف کو من گھڑت کہانی کی بنیاد پر نااہل ،مضحکہ خیز مقدمات میں پھنسا کرناروا سلوک کیا گیا،کسی بھی منصفانہ سماعت سے بےگناہی ثابت ہو جاتی ہے، امید کرتے ہیں انصاف کا غلبہ ہوگا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 24اکتوبر تک حفاظتی ضمانت دینے کے فیصلے کو آئین،قانون اور جمہوریت کے بر عکس قرار دےدیا۔

پی پی رہنماﺅں نے کہانواز شریف کے اعزاز میں حفاظتی ضمانت کا اجرا عدالتی تاریخ کا منفرد فیصلہ ہے،خاص جماعت پر عنائتوں ،رعایتوں کی بارش برسائی جا رہی ہے،نگراں حکومت و بعض ادارے کھل کر (ن) لیگ کی سہولت کاری کر رہے ہیں،صوبائی دارلحکومت کے طول و عرض میں نظر آنے والی اشتہاری مہم مستقبل کا منظر نامہ دکھا رہی ہے،لیول پلئنگ فیلڈ کو نئے لاڈلے کےلئے مختص کر دیا گیا،بعض لوگوں نے ماضی سے سبق حاصل نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے،پیپلز پارٹی (ن) لیگ کی پری بیلٹ دھاندلی کو ہر جگہ بے نقاب کرے گی ۔