عمران کو سائیکل کیا موٹرسائیکل بھی دینگے،خصوصی عدالت، بیٹوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرانے کا حکم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرانے کا حکم دےدیا۔

سپیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے ریمارکس دئیے ابھی تک اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے ٹیلیفونک گفتگو کے ایس او پیز نہیں آئے، آ جائیں تو دیکھ لیتے ہیں،وکیل نے جواب دیاآپ کہیں تو میں معاونت کر دیتا ہوںچیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ورزش کےلئے سائیکل مہیا کرنا چاہتے ہیں، جج نے کہا سائیکل کیلئے تو میں پہلے ہی جیل حکام کو کہہ چکا ہوں۔

وکیل نے کہااگر عدالت اجازت دے تو سائیکل مہیا کر دیتاہوں،جج نے ریمارکس دئیے چاہتا ہوں سائیکل کا غلط استعمال نہ ہو، ایسا نہ ہوسائیکل جیل سپرنٹنڈنٹ چلاتا رہے، جیل مینوئل بھی دیکھنا ہوتا ہے،انڈر ٹرائل ملزم کی سکیورٹی اہم ہے، وکیل نے کہا اگر خدشات ہیں تو ایک بندہ مقرر کر دیں جس کی نگرانی میں سائیکل استعمال ہو،جج نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کھانا گھر سے منگوایا جائے لیکن ذمے داری کون لے گا؟ اگر کھانا جیل میں تیار ہو تو جیل حکام ذمے دار ہوتے ہیں، میں سائیکل والے معاملے پر آرڈر کر دیتا ہوں، معاملے کو حل کر دیتے ہیں۔

بعد ازاں آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل واٹس ایپ کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرائیں۔

دریں اثنا آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے درمیان دورا ن سماعت دلچسپ گفتگو ہوئی جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے،عمران خان کی بہن نے کہا اڈیالہ جیل میں جم کی سہولت موجود ہے، چیئرمین پی ٹی آئی جو سائیکل گھر میں استعمال کرتے تھے وہ انہوں نے مانگی ہے، میرے بھائی نے اور کچھ نہیں مانگا۔

جج نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا میں نے فیملی کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو فیور دیدی ، ٹینشن نہ لیں،علیمہ خان نے کہا بھائی اور کچھ نہیں مانگتا، بس ایک سائیکل مانگی ہے، کیا ایسا ہوسکتاہے مخصوص شخص گھر سے سائیکل خود جیل میں مہیا کردے؟، جج ابوالحسنات نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی اہم شخصیت ہیں، اہم زندگی ہے، سائیکل پہنچاتے ہوئے دوران راستہ کچھ ہوجائے تو کون ذمے دار ہوگا؟ ۔

علیمہ خان نے جواب دیا صاف سی بات ہے! جیل کا کنٹرول آپ کے پاس ہے، آپ جب حکم دیں گے سائیکل جیل میں پہنچا دی جائے گی،جج نے کہامیں نے جیل میں جا کر دیوارتڑوا دی، کون جج ایسا کرتاہے؟ جیل سے دیوار توڑ دی اب چیئرمین پی ٹی آئی کی چہل قدمی آرام سے جاری ہے، علیمہ خان نے اصرار کیا جتنی جلدی ہو جائے سائیکل دےدیں،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل کیا موٹر سائیکل بھی دےدیں گے،جملے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

جج نے علیمہ خان سے استفسار کیا کچھ بتائیں آپ نے مانگا ہو اور میں نے نہ دیا ہو،علیمہ خان نے جواب دیا چیئرمین پی ٹی آئی کو انصاف مل جائے تو بہت شکر ادا کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے زندگی میں صرف اپنی صحت مانگی ہے، جج صاحب، آپ سے ہی امید ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل بھی پہنچادیں گے،جج نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو سوئمنگ پول کے سوا باقی سب کچھ مہیا کردیں گے،جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے جملے پر پھر قہقہے لگ گئے۔