سیالکوٹ مسجد میں دہشت گردی کے ملزمان کو 24گھنٹے میں گرفتار کرلیا:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیالکوٹ کی مسجد میں دو روز قبل پیش آنے والے دہشت گردی واقعہ کے تناظر میں سنٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کی،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان اور ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج سی ٹی ڈی کے ساتھ بیٹھ کر انتہائی اہم موضوع پر آپ سے بات کر رہے ہیں۔ اس کو آپ بریکنگ نیوز سمجھ لیجئے یہ ایک آنے والی پریس کانفرنس کی تیاری ہے،دوسری پریس کانفرنس میں تمام ثبوت جو ابھی ہم نے عدالتوں میں پیش کرنے ہیں اس میں آپ کے سامنے لائیں گے۔پاکستان کی ریاست پر پہلے بھی حملے ہوتے رہے لیکن پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے پر کوئی اثر نہ ہوا، الحمد اللہ پاکستان اس سے بڑے واقعات کا جوانمردی سے سامنا کرچکا ہے لیکن آج آپ کو بلانے کا مقصد آپ کو بتانا ہے کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں بشمول پولیس، کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ تمام انٹیلی جنس ایجنسیاں آئی ایس آئی، آئی بی،ایم آئی، سی ٹی ونگ تمام اداروں نے مل کر پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کو 24گھنٹے کے اندر ٹریس کیا، شناخت کرنے کے بعد ملزمان کو پکڑا اور انکے آنے والے اقدامات کو پایہ تکمیل پر پہنچے سے قبل ناکام بنادیا۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ہمارا بڑا واضح پیغام ہے کہ آپ اپنا کام کرتے رہیں ہم آپ کا اصل چہرہ مکمل ثبوتوں کے ساتھ پوری دنیا کے سامنے پیش کرنے جار ہے ہیں۔ ہمارافارن آفس اور دیگر ادارے پوری دنیا کے امن کیلئے کام کر رہا ہے اور دنیا کے امن کو خراب کرنے والے ہولناک اقدامات اور انکے ماسٹر مائنڈز کو بے نقاب کیا جائےگا۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس فورس کو نئے یونیفارم، گاڑیوں اور دیگر وسائل کی فراہمی جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سال رواں میں حکومت پنجاب کے تعاون سے 742 گاڑیاں پولیس فورس کو فراہم کی جا چکی ہیں، اسی طرح پولیس ملازمین کو 45404 پولو شرٹس، 7355 ونٹر جیکٹس اور 7450 جرسیاں، 11440 پی ٹی شوز، 14000 پولیس شوز اور 29035 کیپ بھی تقسیم کی جا چکی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ رواں ماہ کے دوران پولیس کو 51000 ونٹر جیکٹس، 119529 یونیفارم کیپ اور 26187 فل سلیووارم ویسٹ تقسیم کی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ پولیس فورس کو پیشہ ورانہ فرائض کی بہتر ادائیگی کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جارہے ہیں، نئی گاڑیوں کی فراہمی سے شاہرات پر پٹرولنگ اور انسداد جرائم کے آپریشنز میں تیزی آئیگی۔