غزہ میں خوراک اور پانی کی سپلائی محدود، ورلڈ فوڈ پروگرام

نیویارک(مشرق نیوز) اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ترجمان نے بتایا ہے کہ غزہ کی صورت حال تباہ کن ہو گئی ہے۔ کیونکہ محصور شہر میں خوراک، پانی اور بجلی کی فراہمی مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے فلسطین کنٹری آفس میں کمیونی کیشن اور انفارمیشن مینجمنٹ کی سربراہ عالیہ ذکی نے کہا کہ غزہ میں خوراک، پانی اور بجلی ختم ہونے کے قریب ہے اور صورتحال تباہ کن ہو گئی ہے۔ ہفتہ 7 اکتوبر کو علی الصباح فلسطینی تنظیم حماس نے غزہ سے غیر متوقع طور پر اسرائیل پر حملہ کر دیا تھا۔ورلڈ فوڈ پروگرام کی عالیہ زکی نے کہاکہ غزہ میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر نے خوراک کی تیاری، دکانوں اور بیکریوں میں خوراک کی تقسیم میں شدید رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں ڈبلیو ایف پی اس صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔ڈبلیو ایف پی کے زیر نگرانی آدھی دکانوں اور بیکریوں میں ایک ہفتے کے اندر کھانا ختم ہو جائیگا۔ وہ افراد جو اب بھی کام کر رہے ہیں، ان کو بھی بجلی کی بار بار بندش سے خوراک کے خراب ہو جانے کی صورتحال کا سامنا ہے۔