لاہور( اپنے رپورٹر سے)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی تعلیمی میدان میں بین الاقوامی معیار پرپورا اترنے کےلئے پوری طرح کوشاں ہے،محدود وسائل کے باوجود رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے اپنی حیثیت کو منوایا ہے،تعلیم اور تحقیق ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کو اختیار کر کے ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
مقامی ہوٹل میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام چوتھی بین الاقوامی ری ہیبلیٹیشن سائنسز کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں کے انعقاد سے سائنسی ترقی میں جدید رحجانات اور ریسرچ کے بارے میں آگاہی اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ رفاہ یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباوطالبات کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کی تمام جامعات اسلامی ثقافت اور اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گی۔
تمام جامعات اسلامی ثقافت کو فروغ دیں: بلیغ الرحمن



















