15ویں قومی اسمبلی نے جمہوریت کو کمزور کیا، پلڈاٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)15ویں قومی اسمبلی نے جمہوریت کو کمزور کیا، پلڈاٹ نے5سالہ کارکردگی پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ میں کہاگیا منتخب نمائندوں نے جمہوریت کو کمزور کرنے کےلئے اپنے آپ کو استعمال ہونے کا موقع دیا، قومی اسمبلی کے ایک دن کا اوسطاً خرچہ 6 کروڑ 65 لاکھ اور اجلاس کے ایک گھنٹے کا اوسطاً خرچہ 2 کروڑ 42 لاکھ رہا، 5سال کے دوران قومی اسمبلی نے ایک ایم این اے پر 2 کروڑ 5لاکھ خرچ کیے۔

پلڈاٹ نے کہا15ویں قومی اسمبلی کے 5 سال کے دوران اراکین کی حاضری 61 فیصد رہی،عمران خان ،شہباز شریف کی حاضری 17 فیصد رہی،20 سال کے دوران 9 وزرائے اعظم میں عمران خان کی حاضری سب سے کم رہی،پلڈاٹ نے رپورٹ میں کہا 15ویں قومی اسمبلی کے اختتام نے آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کو غیر یقینی کیفیت میں ڈالا، بڑے بحرانوں کے حل کےلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا، سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں نے قومی اسمبلی کو ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کےلئے استعمال کیا، پارلیمانی ڈیکورم ،جمہوریت کو مجروح کیا،قلیل مدت کے فائدے کےلئے منتخب نمائندوں نے سیاسی عمل کے تسلسل کو نقصان پہنچایا۔

رپورٹ میں کہا گیا 15ویں قومی اسمبلی نے 5برس میں 279 قانون منظور کیے، آخری ایام میں جلدبازی میں ہونے والی قانون سازی سے پارلیمانی جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو مجروح کیا گیا، 15ویں قومی اسمبلی میں 14ویں قومی اسمبلی کے دوران منظور کیے گئے 192 قوانین کے مقابلے میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔