ملک کو معاشی گرادب سے نکالنے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت متفق

اسلام آباد(بیورورپورٹ)ملک کو معاشی گرادب سے نکالنے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت متفق، ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی نے غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے حالات سازگار بنانے کاعزم ظاہر کردیا۔

نگران وزیراعظم کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی کااجلاس ہوا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی ،معاشی صورتحال و سرمایہ کاری کیلئے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اپیکس کمیٹی نے عزم ظاہر کیا غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے حالات کو سازگار بنایا جائےگا،معاشی بحالی و پائیدار ترقی کےلئے خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر اور چین کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے۔

اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قابل عمل منصوبوں پر تفصیلی غور ،ٹیلی کام سیکٹر میں اضافی اسپکٹرم کی نیلامی کے امور کا جائزہ لیا گیا، شرکا نے زراعت ، معدنیات اور آئی ٹی میں 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں سفارش کی گئی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کو 5 سالہ پلان کا حصہ بنایا جائے، نگران وزیراعظم نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی ایس آئی ایف سی اقدامات کو 2024 تا 2028 مجوزہ پلان میں شامل کرنے پر کام شروع کیا جائے۔