اسلام آباد (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ٹرائل کورٹ سے ضمانت درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عدم پیروی پر مسترد درخواستیں بحال کر دیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے محفوظ فیصلہ سنایا،کیسز میں 9 مئی ،اسلام آباد میںاحتجاج ، توشہ خانہ جعل سازی کیس، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کے مقدمات شامل ہیں، 6 درخواستیں سیشن کورٹ اور 3انسداد دہشتگردی عدالتوں میں ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے کالعدم قرار دےکرٹرائل کورٹس کو دوبارہ سماعت کا حکم دےدیا،فیصلے کے بعد 9 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار نہیں کیا جا سکے گا،عدالت نے حکم دیا تمام درخواستیں متعلقہ ٹرائل کورٹس میں بحال تصورہوں گی۔
دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت کی ان کیمرا کارروائی کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت اورایف آئی اے کی ان کیمرا سماعت کی استدعا پرسماعت کی۔
پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کو پبلک نہیں کیا جاسکتا، کچھ بیانات و کچھ مواد ایسا ہے جسے پبلک میں بیان نہیں کیا جا سکتا، دوسرے ممالک سے متعلق بیانات بھی عدالت کے سامنے رکھنے ہیں ایسے بیانات اوپن کورٹ میں سامنے لانے سے دوسرے ممالک سے تعلقات خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
عدالت نے استفسار کیا ٹرائل کا معاملہ الگ ہے،کیا ضمانت کی سماعت بھی ان کیمرا ہو سکتی ہے؟وکیل نے کہا مجھے اس حوالے سے تو نہیں معلوم، آپ بھی دیکھ لیجئے گا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی کارروائی براہ راست دکھانے کا عندیہ دیا اور کہا لائیو سٹریمنگ ہوگی ضرور ہوگی، معاملہ فل کورٹ کے سامنے رکھا ہے، کورٹ کی کارروائی براہ راست بھی ہوگی، ابھی کمیٹی کام کررہی ہے،بعد ازاں عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر ان کیمرا کارروائی کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
دریں اثناآفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 4اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دےدیا۔
سائفر کیس کا چالان جمع ہونے کے بعد جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گواہوں کے بیانات ملزموں کو نوٹس جاری کرنے کیلئے کافی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ،شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، دونوں کی عدالت پیشی کیلئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
عدالت نے پی ٹی آئی وکیل خالد یوسف کی جانب سے سائفر کیس کی نقول فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی،بعد ازاں عدالتی عملے نے وکیل خالد یوسف سے کہا سائفرکیس کی نقول فراہم کرنے کےلئے ایک دن درکار ہوگا، چالان کی نقول پرسوں فراہم کردی جائیں گی،عدالتی عملے نے وکیل کو بتایا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو نوٹس جاری کردیا ۔
مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی و اہلیہ بشریٰ کےخلاف غیر شرعی نکاح کیس پرسماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی،عدالت نے پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کی آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی وکیل شیر افضل مروت کو اٹھائے گئے سوالات پر جواب دینے کا حکم دےدیا۔
دوران سماعت سول جج قدرت نے کہا جب تک کیس میں چارج فریم نہ ہو تو ملزم کو کیوں عدالت بلایا جائے؟وکیل شیر افضل مروت نے کہا جب ہم نے کہا تب ویڈیو لنک کی سہولت نہیں دی گئی، جب چیئرمین پی ٹی آئی جیل چلے گئے تو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی بات کی جا رہی ہے، بشریٰ اور چیئرمین پی ٹی آئی پر عدت کی میعاد کے الزامات کو قانون تسلیم نہیں کرتا،سول جج قدرت نے سوال کیا طلاق ہوئی ہو، عدت میں شخص انتقال کر جائے تو کیا عورت وراثت میں حصہ مانگ سکتی ہے؟۔
وکیل شیر افضل مروت نے کہا عدت کے دوران خاتون نے شادی نہ کی ہو تو وراثت میں حصہ مانگ سکتی ہے،سول جج نے استفسار کیا طلاق کب موثر ہوتی ہے پوائنٹ واضح کر دیں، وکیل شیر افضل مروت نے کہا طلاق کا معاملہ عدالت کے سامنے نہیں ،شیر افضل مروت نے شاہد اورکزئی کی جانب سے غیر شرعی نکاح پر دائر درخواست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا غیر شرعی نکاح پر دائر درخواست فیڈرل شریعت کورٹ نے خارج کی۔
سول جج قدرت نے سوال کیا بشریٰ کو کب طلاق ہوئی؟ اس پر اب تک واضح موقف نہیں آیا، الزام ہے غیر شرعی نکاح کی وجہ سے دوبارہ نکاح کیا گیا جس مولوی نے پہلا نکاح پڑھایا انہوں نے ہی الزام بھی لگایا، کیا آپ تسلیم کرتے ہیں عدت میں نکاح ہوا؟۔
وکیل شیر افضل مروت نے جواب دیاجس نے الزام لگایا اسے ثابت کرنا ہے دوران عدت نکاح ہوا، دوران عدت نکاح ثابت ہو بھی جائے تو سزا نہیں ہو سکتی، کیا غیر شرعی نکاح کیس عوامی مفاد کا کیس ہے؟ کیس بدنیتی پر مبنی ہے،سول جج قدرت نے سوال کیا خاتون طلاق لیتی ہے یا خاوند کا انتقال ہو جائے تو عدت میں وراثت میں حصہ مانگ سکتی ہے؟ وراثت میں حصہ مانگ سکتی ہے تو مطلب یہی ہوتا ہے طلاق موثر نہیں لیکن عدت پوری نہیں ہوئی تو کیا آدمی چوتھی شادی کر سکتا ہے؟وکیل شیر افضل مروت نے کہا طلاق کا تعین کرنا فیملی کورٹ کا کام ہے، عدت کے دوران نکاح کرنا جرم نہیں،وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پر وقت مانگ لیا اور آئندہ سماعت پر سوالات کے جوابات جمع کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔
عمران کی ضمانتیں مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم،سائفر کیس میں پیش کرنے کاحکم
















