اسلام آباد (بیورورپورٹ)فیض آباد دھرنا کیس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی نے نظرثانی درخواستیں واپس لے لیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے سب لوگ اتنا ڈرے ہوئے کیوں ہیں؟ سزا جزا بعد کی بات اعتراف تو کریں درخواست واپس لینے کا حکم اوپر سے آیا، سچ بولیں ہمارے ساتھ نہ کھیلیں،فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر عمل ہوتا تو سنگین واقعات نہ ہوتے،پہلے کہا گیا فیصلہ غلطیوں سے بھرا پڑا ہے کیا اب غلطیاں ختم ہوگئیں؟ نظرثانی درخواستیں فوری مقرر ہوتی ہیں ،4سال مقرر نہ ہوئیں،عدالتی وقت ضائع کیا گیا، ملک کو پریشان کیے رکھا، اب سب کہہ رہے ہیں درخواستیں واپس لینی ہیں،کیا نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی کوئی وجہ ہے؟جو اتھارٹی میں رہ چکے وہ ٹی وی اور یوٹیوب پر تقاریرکرتے ہیں، کہا جاتا ہے سنا نہیں گیا اب سننے کےلئے بیٹھے ہیں آکر بتائیں، پیمرا کی درخواست زیر التو رکھیں گے، کل کوئی یہ نہ کہے سنا نہیں گیا،سچ بولنے سے اتنا ڈر کیوں، لکھیں نظرثانی درخواست کا حکم کہاں سے آیا،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، آئینی ادارہ اتنا ہچکچاہٹ کا شکار کیوں ہے؟، کراچی میں 55 لوگ مر گئے،کوئی ایکشن نہیں ہوا، یہاں جو بھی ہو کہا جاتا ہے ”مٹی پاو“، لوگ مر جائیں مٹی پاو، ملک میں جتھہ طاقت کی نفی نہیں ہوئی، جو ہو جائے کہا جاتا ہے مٹی پاو¿،نئی حکومت یا پرانی حکومت، حکومت، حکومت ہی رہتی ہے پارٹی جو بھی ہوہر ایک کا احتساب ہونا چاہیے، خود سے شروع کر سکتے ہیں ،تحریک لبیک نے کوئی نظر ثانی دائر نہیں کی، فیصلہ تسلیم کیا، مرحوم خادم رضوی کی بات پر تعریف بنتی ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،چیف جسٹس نے کہا شیخ رشید کے وکیل وزیر بن گئے ہیں تو اپنا متبادل مقرر کر کے جائیں، پہلے کچھ باتوں کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں ریگولر بنچ ہے خصوصی نہیں، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا نظر ثانی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا آپ درخواست کیوں واپس لے رہے ہیں، کوئی وجہ ہے، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کوئی خاص وجہ نہیں ،صرف نظرثانی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،اٹارنی جنرل نے کہا وفاق کیس میں دفاع نہیں کرنا چاہتا، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا اب کیوں واپس لینا چاہتے ہیں، پہلے کہا گیا فیصلے میں غلطیاں ہیں اب واپس لینے کی وجوہات تو بتائیں۔
اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا نظر ثانی اپیل جب دائر کی گئی اس وقت حکومت اور تھی،چیف جسٹس نے کہا آپ نے تحریری درخواست کیوں دائر نہیں کی، اٹارنی جنرل نے کہا میں اپنا بیان دے رہا ہوں،وکیل پیمراحافظ احسان نے کہا میں بھی اپنی نظرثانی اپیل واپس لے رہا ہوں، چیف جسٹس نے کہا کس کی ہدایات پر درخواست واپس لے رہے ہیں، یوٹیوب چینلز پر تبصرے کیے جاتے ہیں،دوران سماعت پی ٹی آئی نے بھی درخواست واپس لینے کی استدعا کردی،وکیل علی ظفر نے کہاپی ٹی آئی درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے،چیف جسٹس نے کہا کیا آپ کو درخواست واپس لینے کا اختیار ہے؟ اگر آپ فریق بننا چاہتے ہیں تو عدالت آپ کو اجازت دے گی، بیرسٹر علی ظفر نے کہا نہیں، کیس میں فریق نہیں بننا چاہتے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پہلے کہا گیا فیصلہ غلطیوں سے بھرا پڑا ہے اب کیا غلطیاں ختم ہوگئیں، کیا نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی کوئی وجہ ہے،شیخ رشید کی جانب سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ درخواست کی پیروی جاری رکھنے کی استدعا کی گئی،چیف جسٹس نے کہا آپ نے نیا وکیل کرنا ہے یا کور دلائل دینے ہیں آئندہ سماعت پر دے دینا،درخواست گزار اعجاز الحق کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس نے کہا ہم نے تو صرف آئی ایس آئی کی رپورٹ پر کہا تھا کچھ سیاستدانوں نے غیر ذمہ دارانہ بیان دئیے، کسی کا نام نہیں لیا، آپ نے خود سے اخذ کر لیا آپ کا ذکر ہے،چیف جسٹس نے اعجازالحق کے وکیل سے استفسار کیا آپ کہنا چاہ رہے ہیں دھرنے کی حمایت نہیں کی، کیا آپ کہہ رہے ہیں آئی ایس آئی رپورٹ درست نہیں تھی، کوئی بیان حلفی دے دیں آپ کا موقف درست ہے، اٹارنی جنرل صاحب آپ سمیت سب پر جرمانہ کیوں نہ کیا جائے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے عدالتی وقت ضائع کیا گیا ،ملک کو بھی پریشان کیے رکھا، اب آپ سب آ کر کہہ رہے ہیں درخواستیں واپس لینی ہیں، ہم تو بیٹھے ہوئے تھے شاید فیصلے میں کوئی غلطی ہو گئی ہو، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیاملک صاحب آپ جیسے سینئر آدمی سے یہ توقع نہیں تھی،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کیا تمام اداروں نے طے کر لیا جو فیصلے میں لکھا گیا وہ ٹھیک ہے، فیض آباد دھرنا لینڈ مارک فیصلہ ہے، بنیادی حقوق کے تحفظ سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہادرخواستیں زیر التوا رکھ لیتے ہیں، کسی نے کچھ کہنا ہے تو تحریری طور پر کہے، یہاں سب خاموش ہیں اور ٹی وی پر کہیں گے سنا نہیں گیا،اٹارنی جنرل صاحب آپ نے سوال کیوں نہیں اٹھایا نظرثانی درخواستیں پہلے کیوں نہ لگیں، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، آئینی ادارہ اتنا ہچکچاہٹ کا شکار کیوں ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے لکھیں ناں حکم آیا تھا نظرثانی درخواست دائر کریں، یہ بھی لکھیں حکم کہاں سے آیا تھا اگر آپ کہنا چاہتے ہیں مٹی پاو، نظر انداز کرو تو وہ بھی لکھیں، 12مئی کو 55 لوگ مرے، خون ہوا اور آپ کہہ رہے ہیں مٹی پاو،بتائیں کیوں مٹی ڈالیں؟ کیا نئے واقعہ کا انتظار کریں؟،جتھہ طاقت کی نفی نہیں کی گئی وہ آج بھی غالب ہے، سبق نہیں سیکھا جن صاحب کو بہت جمہوریت چاہیے تھی وہ کینیڈا سے واپس کیوں نہیں آتے؟ پارلیمنٹ میں بحث نہیں ہو رہی، جرمنی میں فاشزم تھی انہوں نے تسلیم کیا، اسلامی جمہوریہ پاکستان تو غلطیاں بھی تسلیم نہیں کرتا،مجھ سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے، احتساب سے کسی کو انکار نہیں ہونا چاہیے،سپریم کورٹ خود بھی قابل احتساب ہے اور عوام کے سامنے جواب دہ ہیں،نئی حکومت یا پرانی حکومت، حکومت، حکومت ہی رہتی ہے پارٹی جو بھی ہو،دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل قمر افضل نے کہا الیکشن کمیشن نظرثانی واپس لے رہی ہے، چیف جسٹس نے سوال کیا الیکشن کمیشن تب ٹھیک تھا یا اب ہے؟ کیا کوئی کنڈیکٹر تھا جو سب کرا رہا تھا؟ الیکشن کمیشن نے تب کس کے کہنے پر نظرثانی دائرکی؟ آرکیسٹرا میں سب میوزک بجاتے ہیں اور سامنے ایک ڈنڈا لیے کمانڈ دے رہا ہوتا ہے، کیا الیکشن کمیشن تب کنٹرول ہورہا تھا اب ہورہا ہے یا ہمیشہ سے ہوتا آیا؟۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے پاکستان میں وہ چلتا ہے جو پوری دنیا میں نہیں ہوتا، پاکستان میں کہا جاتا ہے حکم اوپر سے آیا ہے،اعتراف تو کرلیں جزا سزا بعد میں ہوگی، اعتراف جرم تو کریں، مان لیں الیکشن کمیشن کو اس وقت فرد واحد کے حوالے کیا گیا تھااب الیکشن کمیشن آزاد ہوگیا ، ہمت ہے تو کہیں تب کون سب کچھ کنٹرول کر رہا تھا، پورے پاکستان کو منجمد کیا گیا،کس کا ڈر ہے؟ اوپر والے کا تو نہیں آخر کس سے ڈرتے ہیں؟ ٹی وی پر جاکر بھی تقریریں کریں گے تو عدالت کو ہی سچ بتادیں،چیف جسٹس نے کہا الیکشن کمیشن بھی سابق یا موجودہ نہیں ہوتا، ادارہ ہے، ہر ایک کا احتساب ہونا چاہیے، خود سے شروع کر سکتے ہیں ، سب سچ بولنے سے اتنا کیوں ڈر رہے ہیں، چند کے علاوہ باقی سب درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں،اٹارنی جنرل نے کہا عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہی ہونا چاہیے ، چیف جسٹس نے کہا بڑی دلچسپ بات ہے جنھیں نظرثانی دائر کرنا چاہیے تھی انہوں نے رجوع نہیں کیا۔
چیف جسٹس نے کہا تحریک لبیک نے کوئی نظر ثانی دائر نہیں کی، فیصلہ تسلیم کیا، مرحوم خادم رضوی کی تعریف بنتی ہے،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا آپ لوگ خادم رضوی تک نہیں پہنچ سکتے اعتراف نہیں کر سکتے، بتائیں نا 2017 میں دھرنا کیسے ہوا، معاملات کیسے چل رہے تھے،12 مئی جیسے واقعات سے سبق نہیں سیکھا، وہ صاحب کدھر ہیں جن کو جمہوریت چاہیے تھی، کینیڈا سے پاکستان کیوں نہیں آئے،آپ آج جتھے بازی کے رجحان کو فروغ دے رہے ہیں، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، غلطیاں تسلیم کرنا بڑی بات ہے، پیمرا کو کہا گیا تھا نظرثانی دائر کرنے کا یا بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہوا، پاکستان میں یہی چلتا ہے حکم اوپر سے آیا۔
عدالت عظمیٰ نے کہا شیخ رشید کے وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہیں جو وکلا پیش نہیں ہوئے، آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائیں،چیف جسٹس نے کہاالیکشن کمیشن کانظر ثانی دائر کرنے پر معافی نامہ کدھر ہے، چیف جسٹس نے ڈی جی لا الیکشن کمیشن کو ٹوکتے ہوئے کہا آپ کو اپنے وکیل پر اعتبار نہیں جو بول رہے ہیں جس پر ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے معذرت کر لی،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا صرف یہ کہنا کافی نہیں درخواست واپس لے رہے ہیں یا تو آپ کہیں دھرنے والوں کے ساتھ معاہدے پر جس کے دستخط تھے ان کےخلاف ایکشن لے رہے ہیں یا تو بتائیں فیصلے کی فلاں فلاں باتوں پر عمل کر لیا یا پھر ایسے ہی اگلی افرا تفری تک رہنے دینا چاہتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا 12 مئی کو پاکستانی سیاست میں نئی چیز کنٹینرز متعارف ہوئی، ایم کیو ایم سامنے آئی ہی نہیں، ایم کیو ایم کے ایک وزیر تھے ان کی طرف سے کوئی نہیں آیا،اٹارنی جنرل نے فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے دھرنے کے بعد کئی اور ایسے ہی واقعات سامنے آئے اگر فیصلے پر عمل ہوتا تو بعد میں سنگین واقعات نہ ہوتے، اٹارنی جنرل نے کہا فیصلے میں دی گئی 17 ہدایات ہر عمل سے صحیح سمت میں چلیں گے،چیف جسٹس نے کہا آپ لوگوں نے فیصلے کو سچ مان لیا اب آپ کا امتحان ہے آپ ساتھ دیتے ہیں یا نہیں،عدالتوں کواپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،چیف جسٹس نے کہا ابھی درخواستیں نمٹا نہیں رہے، پی ٹی آئی نے کہافیصلے کو درست مانتے ہیں، نظرثانی نہیں چاہتے، علی ظفر صاحب کیا درست ہے،علی ظفر نے کہاجی درست ہے، فیصلے کو چیلنج نہیں کر رہے، عدالت عظمیٰ نے کہا جو وکلا پیش نہیں ہوئے، آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر تے ہوئے 27 اکتوبر تک فریقین کے وکلا سے تحریری جواب طلب کر لیے،عدالتی حکم نامے میں کہا گیا سب فریقین موجود نہیں تھے، فریقین کو حاضری کا ایک اور موقع دیا جاتا ہے،اٹارنی جنرل و دیگر فریقین نے کہا فیصلے پر عملدرآمد کو ریکارڈ پر لائیں گے،حکم نامے میں کہا گیا کچھ فریقین نے کہا عدالت نے فیصلے سے پہلے سنا نہیں ایسے بیانات سرپرائزنگ تھے کیونکہ سماعت اوپن کورٹ میں تھی،چیف جسٹس نے کہا آپ کو کتنا وقت دیں ،اٹارنی جنرل نے 2 ماہ کا وقت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
چیف جسٹس نے کہا اٹارنی جنرل عدالتی فیصلے پر عملدرآمد پر رپورٹ دیں، کوئی بھی فریق یا فرد تحریری جواب جمع کرانا چاہے تو 27 اکتوبر تک جمع کرا سکتا ہے،دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا دیکھنا ہوگا لائیو کیس نشر ہوسکتا ہے یا نہیں،لائیو سٹریمنگ کےلئے پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلا رہے ہیں، براہ راست کارروائی نشر کرنے والے معاملے پر کمیٹی بنائی ہے،کمیٹی کی گزارشات کے بعد معاملے کو دیکھیں گے، اٹارنی جنرل نے کہا پہلی سماعت کو انڈیا پاکستان میچ سے زیادہ دیکھا گیا ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تو ریونیو میں ہمارا حصہ کہاں گیا، انصاف تو ہوتا ہوا دکھنا چاہیے۔
جتھہ طاقت آج بھی نافذ،دھرنا کیس فیصلے پر عمل ہوتا تو سنگین واقعات نہ ہوتے،چیف جسٹس

















