انجکشن سکینڈل،سپلائرز کےخلاف مقدمہ،متاثرین کاازالہ کرینگے،حکومت

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،ہیلتھ رپورٹر)انجکشن سکینڈل،تحقیقات کادائرہ وسیع،سپلائرز کےخلاف مقدمہ ، نجی ہسپتال کے تیسرے فلور کا کینسر کیئر سینٹر سیل،آنکھوں کو متاثر کرنےوالا انجکشن مارکیٹ سے اٹھا لیا گیاجبکہ حکومت نے بینائی سے متاثر ہ افراد کے نقصان کاازالہ کرنے کااعلان کردیا۔

پنجاب کے وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کےساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر صحت ندیم جان نے کہا آنکھوں کو متاثر کرنےوالا مقامی طور پر تیار کردہ انجکشن مارکیٹ سے اٹھا لیا،مارکیٹ میں فروخت کی اجازت نہیں،سپلائرز کےخلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کردیا، کیسز،ملتان، قصور، لاہور اور صادق آباد سے رپورٹ ہوئے،قائم کی گئی 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی 3 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاشفاف تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق تادیبی کارروائی ہوگی،یقین دلاتا ہوں ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے،متاثرین کو بھرپور تعاون فراہم اور مریضوں کے نقصان کاازالہ کریں گے،بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی،تمام حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا انجکشن ذیابیطس کے مریضوں کو آنکھوں کی سوجن کے علاج کےلئے دیا جاتا ہے، کافی عرصے سے استعمال ہوتا آرہا ہے انکشاف اب سامنے آیا ،انجکشن پر بھاری منافع کمایا جا رہا تھا،صوبائی وزیر نے کہا100 ایم جی کا ٹیکا ہے جو ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنی نے تیار کیا،معروف ادارہ مارکیٹ میں تقسیم کرتا ہے،صرف 1.2 ایم جی کی خوراک درکار ہوتی ہے، ظالم لوگ ایک انجکشن پر لاکھ روپے سے زائد تک کما رہے تھے،مریضوں کی تعداد 14 سے 20 کے درمیان ہے،سب سے پہلے نوید اور بلال رشید کےخلاف ایف آئی آر درج کرائی،گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہاڈریپ کی جانب سے پوری کھیپ کو مارکیٹ سے ہٹا دیا گیا،واضح ہدایات جاری کردیںجب تک رپورٹس واضح نہیں ہو جاتیں، انجکشن فروخت نہیں کیا جائےگا،انسپکٹرز سے کہا انجکشن کو مارکیٹ سے ضبط کر لیں، حکام انجکشن درآمد کرنے کے لائسنس، تقسیم کے عمل و انجکشن لگانے والے ڈاکٹروں کی اہلیت کے معاملے کو بھی دیکھ رہے ہیں،تحقیقات مکمل ہونے کے بعد رپورٹ سامنے آنے پرحتمی رائے دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا لاہور ، قصور ، ملتان اور صادق آباد میں الگ الگ ڈیلرز جعلی انجکشن فروخت کر رہے تھے۔

ادھر مقامی کمپنی کے تیار کردہ اویسٹن انجکشن نجی ہسپتال کی فارمیسی میں تیار ہونے کا انکشاف ہوا ہے،لاہور کے تھانہ فیصل ٹاﺅن میں درج ایف آئی آر کے مطابق محکمہ صحت نے نجی ہسپتال کے تیسرے فلور کا کینسر کیئر سینٹر سیل کر دیا ، محکمہ صحت کے چھاپے کے دوران انجکشن کی تیاری میں ملوث نوید نامی شخص فرار ہوگیا، ملزم نوید انجکشن مختلف آئی کلینکس کو سپلائی کرتا تھا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا محکمہ صحت نے 2 ملزموں نوید عبداللہ اور بلال رشید کےخلاف مقدمہ درج کرا دیا، انجکشن کی وجہ سے مریضوں کی بڑی تعداد بینائی سے محروم ہوگئی۔

دریں اثنا تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر اسد اسلم کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں بریفنگ دی گئی اویسٹین انجکشن کی وائل 100 ملی گرام کی ہوتی ہے،آنکھوں کےلئے 1.2 ملی گرام خوراک استعمال کی جاتی ہے،انجکشن کی مارکیٹ میں قیمت 28 ہزار سے 40 ہزار روپے ہے،ایک انجکشن میں سے 83 خوراکیں نکالی جارہی تھیں۔

بریفنگ میں مزید کہا گیاہر خوراک کی قیمت 1500 سے 2000 روپے رکھی گئی تھی،آنکھوں کیلئے خوراک کو کم آمدن والے افراد کی پہنچ تک لایا گیا،ایک انجکشن پر لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ تک فائدہ کمایا جاتا رہا،انجکشن مختلف نجی و آنکھوں کے ٹرسٹ ہسپتالوں کو آرڈر پردیا جاتا تھا،ہر مریض کو ضرورت کے مطابق خوارکیں لگتی رہیں،کئی مریضوں کو بیشتر بار انجکشن لگایا گیا۔

ذرائع کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات کےلئے دیگر اضلاع سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا گیا،تحقیقاتی ٹیمز دیگر اضلاع کے ہسپتال جاکرمریضوں کے انٹرویوز کریں گی،لاہور کے علاوہ ادویات بنانے والے دیگر وینڈرز کی تلاش شروع کردی گئی ،پنجاب کے مختلف اضلاع کے ڈرگ انسپکٹرز کو ٹاسک سونپ دئیے گئے ۔