نگران حکومتPDM کا تسلسل،حالات کاذمہ دار شریف خاندان ہے،پرویزالٰہی

لاہور(خبر نگار)صدر پی ٹی آئی و سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے نگران حکومت پی ڈی ایم کا تسلسل ہے، موجودہ کابینہ میں سارے ن لیگ کے پسندیدہ لوگ ہیں،عدلیہ و فوج پراعتماد ہے، دونوں ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی حلف برداری پر خوشی ہے، پہلے دن سے ہی اچھا آغاز کیا،پرویزالٰہی نے کہاپاکستان کے موجودہ حالات کا ذمہ دار شریف خاندان ہے، آئی ایم ایف سے ظالمانہ معاہدے کی سزا عوام بھگت رہے ہیں، دونوں بھائیوں نے غلط شرائط پر قرضے لیے،پٹرول ،بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ اورمہنگائی نواز ،شہباز کی وجہ سے ہے،چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا ،مزید بےروز گاری ہونے جارہی ہے، لوگ خودکشیوں پر اتر آئے ،ملک کو بہتر کرنا ہوگا، افغانستان جیسا ملک آگے جارہا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہاپاکستان واپسی پر نواز شریف کو مایوسی ہوگی، عوام استقبال کی بجائے حساب مانگیں گے،الیکشن کا اعلان ہوتب پتہ چلے گا کون کس پوزیشن میں ہے،عدلیہ انصاف دے رہی ہے مگر یہ لوگ چھوڑنے کو تیار نہیں،پریس کانفرنس ابھی نہیں کرنی۔