امریکہ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کیلئے پرعزم ہے:جوبائیڈن

تہران /واشنگٹن (مشرق نیوز) ایران میں حجاب کے معاملے پر زیرحراست ہلاک ہونے والی لڑکی مہسا امینی کی پہلی برسی کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق امریکہ نے 29 ایرانی شخصیات اور اداروں پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ یورپی یونین نے 4 ایرانی عہدیداروں کو بلیک لسٹ میں شامل کرلیا ہے۔دوسری جانب امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ایران کے عوام ہی اپنے ملک کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، امریکہ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کیلئے پرعزم ہے۔یاد رہے کہ مہسا امینی ایرانی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 16 ستمبر کو پولیس کی حراست میں ہلاک ہوگئی تھیں جس کے بعد ایران بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔مہسا امینی کی موت کے بعد مظاہروں میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔