اسلام آباد(بیورورپورٹ)ملک گیر آپریشن میں بڑی کامیابی،7دنوں میں490بجلی چور گرفتار،ایک ارب یونٹ ریکور کرلیے گئے۔
سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا وزیر اعظم کی ہدایت پر بجلی چوروں کےخلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے، 7دنوں میں ایک ارب یونٹ بجلی کی ریکوری کرلی ،راشد لنگڑیال نے کہا7 سے 14 ستمبر تک بجلی چوروں کےخلاف 4241مقدمات درج ہوئے، 490 بجلی چور گرفتار کیے گئے اب تک 95 کروڑ 10 لاکھ کی ریکوری کی گئی۔
دوسری جانب سینٹ کی قائمہ کمیٹی توانائی نے عدم حاضری پر چیئرمین نیپرا اور چاروں ممبران کے سمن جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا،چیئرمین نیپرا کی اجلاس میں عدم شرکت پر قائمہ کمیٹی نے اظہار برہمی کیا۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف ابڑو نے کہا وسیم مختار کو رہنا ہے تو اجلاس میں شرکت کیا کریں،سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا بجلی چوری کےخلاف کریک ڈاون کو سپورٹ کرتے ہیں، پہلی مرتبہ میٹر کی فراہمی اور ریکوری کےلئے کچھ ہوتے دیکھا ۔
ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا بجلی کےخلاف کریک ڈاون 7 ستمبر کو شروع کیا گیا، ڈسکوزکو کہا گیا 589 ارب کی ریکوری کےلئے سخت اقدامات کریں، 4دن تو ڈسکوز کی کارکردگی مایوس کن تھی ،صرف اڑھائی کروڑ کی ریکوری ہوئی جس پر ڈسکوز کےخلاف ایکشن لیا گیا پھر 3دن میں ریکوری بڑھ کر ایک ارب ہوگئی،ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا ریکوری بڑھانے میں ناکامی پر پیسکو کے چیف ایگزیکٹو کو ہٹادیا ،آئیسکو کے 8 افسر معطل کیے گئے، سکھرکے ایک افسر کو کرپشن پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
ملک گیر آپریشن میں بڑی کامیابی 490بجلی چور گرفتار،ایک ارب یونٹ ریکور

















