اسرائیل نے امریکی اور یورپی فلسطینیوں کے درمیان مساوات کو مسترد کردیا

تل ابیب (مشرق نیوز) تل ابیب کے سیاسی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یورپی یونین کے ممالک، کینیڈا اور آسٹریلیا نے اسرائیل سے درخواست کی ہے کہ وہ فلسطینی جو یورپی شہریت کے حامل ہیں انہیں بغیر کسی پابندی کے فلسطینی نژاد امریکیوں کی طرح اسرائیل میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے ، لیکن اسرائیل نے اسے سختی سے مسترد کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے قریبی اخبارکی شائع کردہ ایک رپورٹ میں کہاگیاکہ فلسطینی نژاد امریکیوں کے اسرائیل میں بغیر کسی پابندی کے داخلے کی اجازت ملنے کے بعد یورپی ممالک کے سفیروں نے حالیہ ہفتوں میں اسرائیلی وزارت خارجہ سے رجوع کرتے ہوئے کہا تھا کہ تل ابیب فلسطینی نژاد یورپی شہریوں کو بین گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے اور دیگر بین الاقوامی زمینی اور سمندری گزرگاہوں سے بھی بغیر کسی رکاوٹ کے داخل ہونے کی اجازت دے۔اخبار نے لکھا کہ اس درخواست کا مطلب ہے کہ دسیوں ہزار فلسطینی بغیر کسی پابندی کے اسرائیل پہنچ سکتے ہیں۔