ایک جماعت کا الیکشن کی تاریخ دینا بڑی عجیب بات ہے ،بلاول بھٹو

مظفر گڑھ،ملتان(مشرق نیوز)سابق وفاقی وزیر وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے ایک جماعت کا الیکشن کی تاریخ دینا بڑی عجیب بات ہے جبکہ آپ کو، مجھے اور الیکشن کمیشن کو بھی نہیں پتہ۔

مظفر گڑھ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا 2018کے انتخابات میں مظفر گڑھ سے پی پی کے 3امیدوار جیتے اب امید ہے 5امیدوار فتح حاصل کریں گے، عمران خان کےخلاف مہم چلائی تو مظفر گڑھ ساتھ تھا ، نااہل و نالائق وزیراعظم مسلط کرنے سے معاشی و خارجہ سطح پربحران کا سامنا کرنا پڑا،عوام کےساتھ ملکر تحریک چلائی اورسلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاملک معاشی مشکلات کا شکار ہے، اشرافیہ، سرمایہ دار، ٹائیکونز کو فائدہ پہنچا کر سمجھا گیا معیشت بہتر ہوجائےگی، بڑے لوگوں کو سبسڈی دینے کی بجائے عام آدمی کو سہولت دی جائے کیونکہ عام آدمی کو معاشی طور پر مضبوط کرنے سے ہی معیشت بہتر ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کبھی الیکشن سے ڈرے نہ عوام سے منہ چھپایا، پیپلز پارٹی کے لوگ مقابلہ کرنا جانتے ہیں وہ دن دور نہیں جب ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، سمجھتے ہیںالیکشن جلد از جلد ہونے چاہئیں،موجودہ صورتحال میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے کا شکوہ نہ کریں تو کیا کریں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہاپی ڈی ایم میثاق جمہوریت کے حق میں نہیں، چاہا تھامیثاق جمہوریت ٹو بھی بنے، نئے میثاق جمہوریت کی کوشش کی لیکن نہیں ہوسکا،پیپلزپارٹی اپنی وزارتوں کی جواب دہ ہے اور پی ڈی ایم اپنی، ملکی مسائل کوئی ایک جماعت تنہا حل نہیں کرسکتی، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کےلئے تمام جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہاپیپلزپارٹی نے ہمیشہ مزدوروں ،کسانوں کی بہتری کےلئے اقدامات کیے، اگلی حکومت میں مزدوروں کی مدد کےلئے لیبرکارڈ متعارف کرائیں گے، مشکلات ضرور ہیں لیکن حل بھی پاس ہے۔

دریں اثنا ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا عوام اگر پیپلز پارٹی کو موقع دیتے ہےں تو تعلیمی اداروں کو مزید بہتر بنائیں گے،اپنے وسائل میں رہ کر تعلیمی اداروں کو تگڑا کریں گے، صحت و تعلیم کے شعبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، صحیح طریقے سے وسائل خرچ ہوں تو اچھے ادارے بن سکتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہاچاہتے ہیں پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو مواقع دستیاب ہوں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تعلیم پر توجہ دی، پسماندہ علاقوں کے بچوں کو بھی تعلیم کی سہولتیں ملنی چاہئیں۔