ہر کسی کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں، ملک چلانے کا پرانا طریقہ چھوڑیں،بلاول بھٹو

سکھر (مشرق نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے ہر کسی کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں، یہی میرا اعتراض ہے، ملک چلانے کا پرانا طریقہ چھوڑا جائے، اپنی ریاست و شہدا کےساتھ انصاف کریں، مسائل کا حل عوامی راج ہے، منتخب نمائندوں کو اسلام آباد میں بٹھائیں گے۔

سکھر میں شہید کئے گئے صحافی جان مہر کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا جان مہر کے اہل خانہ سے تعزیت کےلئے آئے ہیں، قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، جان مہر کے خاندان کو انصاف دلائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہوا، تمام سیاستی جماعتیں کہتی تھیں دہشت گردوں سے بات چیت کی جائے، صرف پیپلز پارٹی کہتی تھی دہشت گردوں سے مقابلہ کرنا پڑیگا ورنہ ختم نہیں ہوں گے، ایسا نہیں ہوسکتا ایک طرف مدد کی جائے اور دوسری طرف بیان دیا جائے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا افغانستان میں موجود امریکی اسلحہ کچے کے ڈاکووں کے پاس پہنچ چکا، جب افغان حکومت بن رہی تھی تو دہشت گرد افغان جیلوں سے فرار ہوکر یہاں آئے، عمران خان نے دہشت گردوں کےلئے سرحدیں کھولیں، پی ٹی آئی کے دور میں دہشت گردوں کو دوبارہ آباد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، کیا جنرل فیض و چیئرمین پی ٹی آئی کو اندازہ نہیں تھا دہشت گردوں کو کراچی پہنچنے میں کتنا عرصہ لگے گا؟۔

بلاول بھٹو نے کہا اب اندازہ ہوتا ہے عمران خان کی دہشت گردوں کو ملک میں بسانے کی پالیسی کتنی خطرناک تھی، عمران خان نے اتنے سالوں کی محنت کو چند دنوں میں خراب کردیا، احتساب کیا جائے کیسے ہوا، ریاست دشمنوں کو ایک بار پھر ملک پر مسلط کیا گیا، غلط فیصلہ کرنےوالے اگر سیاستدان ہیں تو احتساب عوام کریں گے، اگرغلط فیصلہ کرنےوالے دوسرے ادارے کے لوگ تھے تو ادارہ احتساب کرے، دہشت گردوں کے واپس آنے کی کہانی کھلنی چاہئے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا اسلام آباد میں ہونےوالے فیصلے عوام کو بھگتنا پڑتے ہےں، آئین کہتا ہے جہاں بجلی کے وسائل موجود ہیں پہلے وہاں کے عوام کا حق ہے، کہا جاتا ہے آپ مہنگی ایل این جی خریدیں، ناانصافی کو ایڈریس کرنا ہے، جب تک نا انصافی کو ایڈریس نہیں کریں گے بجلی مسائل پر قابو نہیں پاسکیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا الیکشن کمیشن ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتا ہے، الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں تاریخ کا اعلان کریں، ہر کسی کا مسئلہ غربت، بیروزگاری و مہنگائی ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں، یہی میرا اعتراض ہے، افسوس پاکستانی سیاستدانوں کو شُترمرغ سیاست کی عادت ہے۔ چیئرمین پی پی نے کہا بےنظیر بھٹو دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارتی تھیں، سانحہ کارساز کے بعد بھی پیچھے نہیں ہٹیں، پیپلز پارٹی نے کے پی سے کراچی تک دہشت گردی کے خاتمے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے۔