انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرےگا،پی ٹی آئی پر پابندی نہیں،سولنگی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا،آئین کے تحت انتخابات آخری مردم شماری کے تحت ہونے ہیں، آخری مردم شماری 2023 کی ہے جس کے تحت حلقہ بندیاں ضروری ہیں، حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن شیڈول جاری کر چکا۔


مرتضیٰ سولنگی نے کہا حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو 54 دن الیکشن مہم کیلئے بھی دینا ہوں گے، غیر جانبدارانہ، شفاف و منصفانہ انتخابات کےلئے تیاری کر رہے ہیں،الیکشن کمیشن کےساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا نگران حکومت کی مدت کا تعین آئین، قانون و آئینی ادارے کرتے ہیں، نئی پارلیمنٹ منتخب ہوگی تو قوم کی امانت منتخب نمائندوں کے حوالے کر کے چلے جائیں گے، آئین میں لکھا ہے ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہانگران حکومت کا تصور بھی پارلیمان نے دیا ، بلاول بھٹو زرداری بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، اظہار رائے کا پورا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، کوئی پابندی نہیں ،موجودہ نگران حکومت ذمہ دار، قانونی و آئینی ہے، کوشش ہے تمام سیاسی جماعتوں کےساتھ تعلقات بہتر رکھیں، ایک ایسا الیکشن چاہتے ہیں جسے سب تسلیم کریں۔

نگراں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کسی قسم کی کشمکش نہیں ، حالات بہت اچھے ہیں، کوئی اضطراب نظر نہیں آ رہا، عوام کا فیصلہ ہوگا کس جماعت کو منتخب کرتے ہیں، پچھلی حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے کچھ بڑے فیصلوں کا اختیار نگران حکومت کو سونپا۔