نئی دہلی،ریاض(مشرق نیوز)جی20 سمٹ میں بھارت، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان ترقیاتی منصوبے پر دستخط کردئیے گئے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھارت، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان نئی اقتصادی راہداری کی تعمیر کےلئے ایم او یو پر دستخط کیے ۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے ایم او یو کا حوالہ دیتے ہوئے کہابھارت، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان اقتصادی راہداری میں بجلی و ہائیڈروجن کی پائپ لائنیں شامل ہوں گی۔
نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے کہا منصوبے کا مقصد معاشی باہمی انحصار کو مضبوط بنا کر ممالک کے مشترکہ مفادات کو حاصل کرنا ہے،منصوبہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی و بحالی میں تعاون کرے گا ،ریلوے، بندرگاہیں بھی شامل ہیں ،سامان ،خدمات کے تبادلے کو بڑھانے میں مدد ملے گی،شریک ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے میں اضافہ ،ہائیڈروجن سمیت توانائی کی سپلائیز کی درآمد کو فروغ دےگا۔
ادھر بھارت میں جی20 سربراہی اجلاس کی سائیڈلائن میں برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے بھارتی ہم منصب مودی سے ملاقات کی،ملاقات کے بعد رشی سونک نے کہا برطانیہ ،بھارت کامیاب آزاد تجارتی معاہدے کے خواہشمند ہیں،دونوں فریقین کو ابھی سخت محنت کی ضرورت ہے۔
بھارت، مشرق وسطیٰ اور یورپ میںنئی اقتصادی راہداری کی تعمیر کےلئے معاہدہ

















