پیرس (مشرق نیوز) فرانس کی اعلیٰ ترین انتظامی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سکولوں میں حجاب پر پابندی قانونی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکومتی حکام کے خلاف شکایات پر غور کرنے والی فرانس کی اعلی ترین عدالت کونسل آف سٹیٹ نے کہا کہ اس نے حکومت کی طرف سے گزشتہ ماہ عائد پابندی کے خلاف حکم امتناعی جاری کرنے کے لیے ایک ایسوسی ایشن کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے زور دیا کہ حجاب پر پابندی مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک نہیں ہے۔اگست کے آخر میں فرانسیسی حکومت نے ریاستی سیکولرازم کے اصول کی بنیاد پر سکولوں میں عبایا پہننے پر پابندی کا اعلان کیا جس سے تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ فرانس میں 2004میں جاری ایک قانون کے تحت سکولوں میں مذہبی علامتوں کو نمایاں کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر سہام زینی نے کہا کہ عبایا پر پابندی کا فیصلہ ایک ایسا فیصلہ ہے جو جنسی امتیاز کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ اس کا تعلق صرف لڑکیوں سے ہے۔ اس فیصلے سے عربوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
فرانسیسی عدلیہ نے سکولوں میں حجاب پر پابندی قانونی قرار دیدی

















