پرویز الٰہی کی گرفتاری پر اہلیہ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

لاہور (مشرق نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے پر ان کی اہلیہ نے لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں نگران حکومت پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی صدر کی اہلیہ کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا، ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ کو نظر بند کرنے سے روکدیا تھا۔ واضح رہے گزشتہ روز صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی کو لاہور سے اسلام آباد پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم پر تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ پرویز الٰہی کو کوئی اتھارٹی، کوئی ایجنسی گرفتار نہیں کرے گی، کسی بھی قانون کے تحت نظر بند بھی نہیں کیا جائےگا۔