عدلیہ ،پارلیمنٹ کو اپنے طریقے سے چلنے دیں ورنہ جمہوری نظام نہیں چل سکے گا، جسٹس منصور

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نیب ترامیم کےخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پرسماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے صدارتی معافی کی طرح نیب سے معافیاں دی جا رہی ہیں،ایف بی آر کے بیرون ملک سے حاصل کردہ ریکارڈ عدالت میں قابل قبول شواہد کے طور پر پیش نہیں کیے جا سکتے، کیا آئین پاکستان میں شکایت کنندہ کے حقوق درج ہیں؟،نیب ترامیم کے بعد بین الاقوامی قانونی مدد کے ذریعے ملنے والے شواہد قابل قبول نہیں رہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہاہے ایک منٹ کےلئے مان لیتے ہیں اراکین پارلیمنٹ نے خود کو فائدہ پہنچانے کےلئے ترامیم کیں، کیا ہم نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے دیں؟ اگر ہم کالعدم قرار بھی دیں تو کس قانون کے تحت نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیں؟، پارلیمنٹرین عوام کا امین ہوتا ہے، سب سے بڑی خلاف ورزی تو یہ ہے کہ کیسے ایک شخص اپنی مرضی سے پارلیمنٹ چھوڑ کر چلا گیا،انتخابات سر پر ہیں اور جمہوریت آئین کی بنیاد ہے، عدلیہ اور پارلیمنٹ کو اپنے اپنے طریقے سے چلنے دیں ورنہ جمہوری نظام نہیں چل سکے گا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دینے شروع کیے تو چیف جسٹس پاکستان نے ان سے مخاطب ہو کر کہا خواجہ حارث صاحب اجازت ہو تو مخدوم علی خان سے ایک بات پوچھ لوں؟۔

چیف جسٹس نے کہا گزشتہ روز ترمیمی قانون میں ایک اور چیز دیکھی، باہمی قانونی تعاون کے تحت حاصل شواہد کی حیثیت ختم کر دی گئی اب نیب کو خود وہاں سروسز لینا ہوں گی جو مہنگی پڑیں گی، آپ نے کہا تھا باہمی قانونی تعاون کے علاوہ بھی بیرون ملک سے جائیدادوں کی رپورٹ آئی ہے، قانون میں تو اس ذریعے سے حاصل شواہد قابل قبول ہی نہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کیا نیب نے ایڈیٹڈ رپورٹ جمع کرا دی ؟نیب کے پراسیکیوٹر نے جواب دیا جی نیب نے رپورٹ دےدی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا بیرون ملک سے حاصل کردہ شواہد کی کیا قانونی حیثیت ہے؟خواجہ حارث نے جواب دیا دفتر خارجہ کے ذریعے بیرون ملک سے شواہد لیے جاتے ہیں اور تصدیق کا ایک پورا عمل ہوتا ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا پاکستان کے قانون میں بیرون ملک سے قانونی معاونت کی گنجائش کتنی ہے؟خواجہ حارث نے جواب دیا پاکستانی قانون میں بیرونملک سے حاصل قانونی معاونت کی زیادہ اہمیت نہیں رکھی گئی،چیف جسٹس نے کہا مئی 2023ءسے پہلے نیب ریفرنسز کا واپس ہونا سنجیدہ معاملہ ہے، ہمارے پاس نیب ریفرنس واپس ہونے سے متعلق تفصیلات پر مبنی فہرست ہے، بات یہ ہے ہم نے کیس ختم کرنا ہے، ہمارے پاس جمعے کی وجہ سے ساڑھے 12 بجے تک کا وقت ہے اس کےساتھ ہی چیف جسٹس نے خواجہ حارث کو ساڑھے 12 بجے تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا اٹارنی جنرل نے کہا ہے پیر کو کچھ وقت لیں گے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا پیر تک وقت نہیں، تحریری طور پر معروضات دے دیں، ہم دیکھ لیں گے،چیف جسٹس نے کہاحال ہی میں سندھ سے نیب کے مقدمے میں ملزم پلی بارگین پر آمادہ ہوا ہے، نیب نے ملزم کے آمادہ ہونے پر پلی بارگین کی رقم بڑھا دی جو مضحکہ خیز عمل ہے، قانون کی کون سی شق ہے جو کہتی ہے انصاف کے ترازو میں توازن برقرار ہونا چاہیے؟جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کرمنل لاءتو کہتا ہے ملزم قانون کا فیورٹ چائلڈ ہوتا ہے، کسی کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے تو وہ عدالت آئے گا۔

خواجہ حارث نے کہا نیب کے مقدمات میں پبلک آفس ہولڈرز کے احتساب کے عمل میں رکاوٹ سے عوام کے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کرمنل جسٹس سسٹم کو شفاف ہونا چاہیے، درخواست گزار کا کیس یہ ہے کہ نیب ترامیم سے ملزمان کو تحفظ دیا گیا ہے، نیب کے زیر حراست ملزم کو دباﺅ میں لا کر پلی بارگین کرنے کا تاثر موجود ہے،خواجہ حارث نے کہا یہ درست ہے، کچھ مثالیں موجود ہیں جن میں دباﺅ ڈال کر پلی بارگین کی گئی۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا ترامیم کے بعد پلی بارگین کے تحت اقساط میں وصول کی گئی رقم بھی واپس کرنا ہو گی،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ نیب ترامیم سے جو کیس ختم ہو گا وہ کسی دوسرے فورم پر چلا جائے گا،وکیل خواجہ حارث نے کہا نیب قانون کے علاوہ کسی قانون میں پلی بارگین کی شق موجود نہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ایک منٹ کےلئے مان لیتے ہیں کہ ارکان پارلیمنٹ نے خود کو فائدہ پہنچانے کےلئے ترامیم کیں، کیا ہم نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے دیں؟ اگر ہم کالعدم قرار بھی دیں تو کس قانون کے تحت نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیں؟وکیل خواجہ حارث نے کہا عدالت آرٹیکل 9 کے تحت نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے سکتی ہے، ان ترامیم سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ نہیں،چیف جسٹس نے کہا خواجہ حارث صاحب آپ مانیں کہ نیب کا غلط استعمال ہوتا رہا ہے، کرپشن معاشرے کو نقصان پہنچاتی ہے، نیب ترامیم میں جرم کو ختم کرنا قانونی ہے یا غیر قانونی؟جسٹس منصور علی شاہ نے کہا جواب یہ ہے کہ آئندہ پارلیمنٹ آئیگی تو نیب ترامیم پر دوبارہ غور کر لے گی، اگر پارلیمنٹرینز نے اپنے فائدے کے لیے قانون بنایا ہے تو آئندہ عوام ان کو منتخب نہیں کریں گے، انتخابات سر پر ہیں اور جمہوریت آئین کی بنیاد ہے، عدلیہ اور پارلیمنٹ کو اپنے اپنے طریقے سے چلنے دیں ورنہ جمہوری نظام نہیں چل سکے گا، سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔