سائفر کیس کی جیل میں سماعت کا مقصد عمران کو تحفظ دینا ہے،عدالت

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کا مقصد عمران خان کو تحفظ دینا ہے،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے 16 اور 30 اگست کو سائفرکیس کی سماعتوں کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 2 ،2صفحات پر مشتمل حکم نامہ تحریر کیا،حکم نامے میں کہا گیا عمران خان کےخلاف سائفر کیس کی 16 اگست کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں ہوئی، ایف آئی اے نے تفتیش کےلئے 16 اگست کو عمران خان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا، عمران خان پہلے سے ہی توشہ خانہ کیس میں بطور مجرم اٹک جیل میں قید تھے، سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت کورٹ کے پاس اختیار ہے ملزم کا جسمانی، جوڈیشل یا ضمانت منظور کرے۔

عدالت نے کہا کسی بھی انسان کی زندگی اہم ہے، معلوم نہیں عمران خان کو اٹک جیل سے باہر لانے پر کوئی حادثہ پیش آجائے، غیر معمولی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عمران خان کا جسمانی ریمانڈ منظور نہیں کیا جاسکتا، جوڈیشل کمپلیکس پیش نہ کرنے کی وجہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا سائفرکیس عام نوعیت کا نہیں، سائفر جیسے حساس کیسز میں ریاست کی خودمختاری بھی شامل ہوتی ہے، سپریٹنڈنٹ جیل کو چیئرمین پی ٹی آئی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اپنی تحویل میں لینے کا حکم دیا جاتا ہے، عمران خان کو جان کے خطرے اور خدشات کے پیش نظر حاضری سے استثنیٰ دیاگیا،جج نے تحریر کیا عمران خان کی حاضری جوڈیشل کمپلیکس میں تصور کی جاتی ہے، عمران خان کی غیر حاضری پر قانونی حق نہیں چھینا جائے گا۔

عدالت نے سپریٹنڈنٹ جیل سے بھی اٹک جیل میں عمران خان کی حاضری کی یقین دہانی لی، اٹک جیل سے جوڈیشل کمپلیکس منتقلی کی صورت میں جیل سپرنٹنڈنٹ کو سخت سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا حکم ہے،عدالت نے عمران خان سے جیل میں حالات، مسائل اور ٹریٹمنٹ کاپوچھا، جیل سپرنٹنڈنٹ کو قانون کے مطابق تمام سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کردی،عمران خان کی صحت بہت اہم ہے، سپریٹنڈنٹ جیل تمام تر اقدامات اٹھائے۔

دریں اثناسائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کےخلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس عامر فاروق کے روبرو چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا درخواست پر 2 اعتراضات عائد کیے گئے ،اعتراض ہے ایک ہی درخواست میں ایک سے زیادہ استدعا کیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ میں اعتراضات دور کر دیتا ہوں، آپ میرٹ پر دلائل دیں،چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا عدالت کا وینیو تبدیل کیا گیا ؟ ،وکیل شیر افضل مروت نے جواب دیا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیسز کی متعلقہ عدالت مجسٹریٹ کی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمات کا اختیار دینا غلط ہے،نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیتا ہوں، وکیل نے کہا جلدی والا معاملہ ہے تو کیس آئندہ ہفتے دوبارہ مقرر کر دیا جائے، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے ہی کر لیں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں عدالت منتقلی کے وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کےخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔

مزید برآںسیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کرنے کی اجازت دے دی،دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا اپنے بیٹوں قاسم و سلیمان سے ٹیلیفون یا واٹس ایپ پر بات کرنا چاہتا ہوں،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرلی۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے دہشتگردی کے مقدمات میں ضمانتیں منسوخ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی ٹرائل کورٹ کا ضمانتوں کینسل کرنے کا11اگست کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔