سازشی عناصر کو ہر صورت کٹہرے میں لانا ہوگا،نوازشریف

لاہور(اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نے انتخابی مہم میں سابق اہم شخصیات پر تنقید نہ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

ذرائع کے مطابق ملک کی چند سابق اہم شخصیات نے مشترکہ دوستوں کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کیا اور درخواست کی انتخابی مہم میں اہم شخصیات کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں، مشترکہ دوستوں نے مشورہ دیا ماضی بھول کر مستقبل کی سیاست دیکھیں۔

شہباز شریف نے مشترکہ دوستوں کی رائے کا ساتھ دیا تاہم نواز شریف نے اپنے بھائی اور مشترکہ دوستوں کی بات ماننے سے انکار کردیا،شہباز شریف کوشش کے باوجود بھائی کو منانے میں ناکا م رہے،پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے موقف اختیار کیا صرف میری ذات کی بات ہوتی تو درگزر کر جاتا مگر ترقی کرتے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، سازشی عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔