انٹرا پارٹی الیکشن کیس،پی ٹی آئی نے بیان حلفی جمع کرانے کی یقین دہانی کردی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں پی ٹی آئی نے بیان حلفی جمع کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس پر سماعت کی،وکیل علی ظفر ،بیرسٹر گوہر پیش ہوئے،علی ظفر نے موقف اپنایاپی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات 10 جون 2022 کو 2019 کے پارٹی آئین کے مطابق ہو چکے،یکم اگست 2022 کو مزید آئینی ترامیم کی گئیں جس سے پہلے پارٹی الیکشن کرا دئیے تھے، البتہ پارٹی چیف الیکشن کمشنر جمال انصاری کی زبانی بات میں غلط فہمی پیدا ہوئی،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا آپ 3ماہ کیوں خاموش رہے۔

پی ٹی آئی وکلا نے موقف اپنایا الیکشن کمیشن کے آرڈر کاعلم نہیں تھا، جولائی میں آرڈر کا معلوم ہوا اور 2اگست کو نوٹس ملا، لہٰذا بیان حلفی ،جواب جمع کرا دیں گے،ممبر کمیشن نے کہا غلط فہمی ہو تو چیزیں واپس ہوجاتی ہیں، بیان حلفی جمع کرا دیں،الیکشن کمیشن نے سماعت 30 اگست تک ملتوی کر دی۔