چیئرلفٹ کا مالک و آپریٹر گرفتار،مقدمے میں5دفعات شامل

پشاور،بٹگرام(مشرق نیوز)بٹگرام چیئرلفٹ کے مالک اور آپریٹر کو گرفتار کرلیا گیا،تھانہ الائی پولیس نے مالک گل زرین اور اعجاز کو گرفتار کیا ،دونوں کےخلاف غفلت برتنے کا مقدمہ درج کر لیاگیا۔

پولیس کے مطابق نجی چیئر لفٹ کے مالک کو حراست میں لینے کے بعد مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں،ڈی آئی جی ہزارہ ڈویژن طاہر ایوب نے کہاچیئر لفٹ کے کمروں ،کنٹرول روم کو سیل کردیا ، ایف آئی آر میں کوتاہی برتنے کی 5 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کے حکم پر بالاکوٹ کے مختلف مقامات پر نصب 9سے زائد چیئر لفٹ،ڈولی کو سیل کردیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا،کیوائی کے مقام پر دریائے کنہار پر نصب چیئر لفٹ کی بندش سے پرور کے عوام بشمول دریا پار کرکے سکول جانے والے بچے و اساتذہ بھی محصور ہوگئے،لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈولی کی بحالی کا مطالبہ کردیا۔

ادھر خیبرپختونخوا حکومت نے بٹگرام حادثے کے بعد چیئرمین لفٹ چلانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا این او سی لازمی قرار دےدیا۔

حکومت نے بٹگرام چیئر لفٹ حادثے کے بعد صوبے بھر کی چیئر لفٹس کے معائنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری دیں تمام کمرشل ،ڈومیسٹک اور تفریحی مقامات کی چیئر لفٹس کی فوری چیکنگ کی جائے،چیئرلفٹس چلانے کےلئے ضلعی انتظامیہ سے این او سی لینا لازمی ہو گا۔